کراچی: رہنما ایم کیو ایم مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے 15 سال عوام کی آنکھوں میں صرف دھول جھونکی ، و زیر اعلی نے صوبے کی غلط تصویر پیش کرنے کی کوشش کی، عملی کام کر کے دکھائے جائیں تو اشتہارات دے کر بتانا نہیں پڑتا، خرچ کئے گئے 18ہزار ارب روپے سے 50 نئے سندھ بن سکتے تھے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنماء ایم کیو ایم پاکستان و رکن قومی اسمبلی مصطفی کمال نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ کی جانب سے ترقی کرنے کے تمام دعوؤں کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کہتے ہیں سندھ دنیا میں انسانوں کے رہنے کی جگہ بن گئی ہے، وہ کہتے ہیں سندھ میں دودھ کی نہریں بہہ رہی ہیں مگر ایسا نہیں ہے ، پیپلز پارٹی نے 15سالوں میں صرف آنکھوں میں دھول جھونکی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلی نے سندھ کی غلط تصویر پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ مصطفی کمال نے اشتہارات کی مد میں اربوں روپے خرچ کرنے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ عملی کام کرکے دکھائے جائیں تو اشتہارات دے کر لوگوں کو بتانا نہیں پڑتا۔
انہوں نے کہا کہ ہم گھوسٹ ٹیچرز کا سنتے تھے لیکن ان کی اپنی رپورٹ ہے کہ سندھ میں 11ہزار سکول گھوسٹ ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی جیسے اتنے بڑے شہر میں پانی کا مسئلہ ہے ،عوام کو پینے کا صاف پانی تک تو میسر نہیں،شہر میں سٹریٹ کرائم حد سے زیادہ بڑھ گیا ہے اس پر قابو پانے کی کوشش نہیں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے 15 سالو ں میں 18 ہزار ارب روپے خرچ کئے اتنے سے تو 50 نئے سندھ بن سکتے تھے۔
