اقوام متحدہ اور ویانا میں دیگر بین الاقوامی تنظیموں میں چین کے مستقل نمائندے لی سونگ آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں برج فار سٹیز فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے ہیں-(شِنہوا)
ویانا(شِنہوا)چین نے بین الاقوامی سطح پر خلا کے پرامن استعمال کے لئے تعاون کو مضبوط کرنے اور عالمی نظم و نسق کو مسلسل بہتر بنانے پر زور دیا ہے۔
اقوام متحدہ(یو این) اور ویانا میں دیگر بین الاقوامی اداروں میں چین کے مستقل نمائندے لی سونگ نے خلا کے پر امن استعمال کی کمیٹی کی ذیلی قانونی کمیٹی کے 64ویں اجلاس میں کہا کہ خلا کی ٹیکنالوجی موجودہ دور میں بے مثال رفتار سے انسانوں کی کائنات کی تلاش کے انداز کو بدل رہی ہے جبکہ عالمی خلائی نظم و نسق کے لئے نئے چیلنج بھی پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو حقیقی کثیرجہتی تعاون کی پاسداری کرنی چاہیے اور یکطرفہ مفاد اور غنڈہ گردی کی ہر قسم کی مخالفت کرنی چاہیے۔
چینی نمائندے نے مزید کہا کہ چین نے خلا میں بین الاقوامی تعاون میں سرگرمی سے حصہ لیا ہے اور خلائی ترقی کی کامیابیاں عالمی برادری کو پیش کی ہیں۔ مثال کے طور پر اقوام متحدہ کے دفتر برائے خلائی امور کے ساتھ چین کے تعاون سے منتخب کئے گئے پہلے مرحلے کے تجرباتی منصوبے چینی خلائی سٹیشن پر جاری ہیں۔
لی نے کہا کہ چین خلا کے پرامن استعمال اور عالمی نظم و نسق کی بہتری کے لئے بڑے پیمانے پر مزید کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ خلائی تحقیق کی کامیابیوں سے پوری انسانیت بالخصوص عالمی جنوب کے ممالک کو فائدہ پہنچے۔
