وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات ترسیل کی نگرانی کیلئے رئیل ٹائم ڈیش بورڈ بنانے اور صوبائی حکومتوں کو پٹرولیم مصنوعات کے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے۔
جمعہ کو وزیراعظم کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں نائب وزیراعظم وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرا جام کمال خان، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، اویس خان لغاری، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریز، اور اعلی سرکاری حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں وزارت پٹرولیم نے خطے کی بدلتی صورتحال کے تناظر میں پٹرولیم مصنوعات کے ذخیرے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے۔
وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت دی کہ پٹرولیم مصنوعات کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے، جو پٹرول پمپ مصنوعی قلت کے مکروہ دھندے میں ملوث ہو اسے فورا بند اور لائسنس منسوخ کرکے قانونی کارروائی کی جائے۔
وزیراعظم نے وزیر پیٹرولیم کو صوبوں کا دورہ اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر پیٹرولیم مصنوعات کی بچت اور عوام کو بلاتعطل فراہمی کے حوالے سے لائحہ عمل و منصوبہ بندی تیار کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے حکم دیاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی نقل و حرکت سے متعلق ڈیش بورڈ بنایا جائے جس کے ذریعے صوبوں کیساتھ ریل ٹائم ڈیٹا شیئر ہو اور پٹرولیم مصنوعات کی نقل و حمل کی نگرانی کی جائے۔




