ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے کہا ہے کہ ایرانی افواج کسی بھی امریکی زمینی حملے کیلئے تیار ہیں، اگر امریکا نے زمینی کارروائی کی تو ایرانی فورسز بدعنوان امریکی حکام کو رسوا کر دیں گی اور ہزاروں امریکی فوجیوں کو ہلاک یا گرفتار کرنے کیلئے تیار ہیں۔
ایرانی پاسداران انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل علی محمد نائینی نے کہا کہ ایران کسی بھی طویل جنگ کیلئے مکمل طور پر تیار ہے، ایران جلد ایسے نئے سٹرییجک ہتھیار متعارف کرائیگا جو اب تک میدان جنگ میں استعمال نہیں کئے گئے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ ایران جارحیت کرنیوالوں کو سزا دینے کیلئے طویل جنگ لڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے، آپریشن ٹرو پرامس 4 کے تحت اب تک ہونیوالے حملوں میں ایران نے اپنی اصل عسکری صلاحیتوں کا صرف ایک محدود حصہ استعمال کیا ہے۔
ترجمان پاسدارانِ انقلاب کا کہنا تھا کہ ایران کے پاس جدید ٹیکنالوجی اور نئے ہتھیار موجود ہیں جنہیں ابھی بڑے پیمانے پر استعمال نہیں کیا گیا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ آنیوالے ہر آپریشنل مرحلے میں دشمن کو مزید دردناک ضربوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔




