ڈیرہ غازی خان کے یونیورسٹی و کالج کے طلباء و اساتذہ نے آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے نوجوانوں کی فکری و قومی رہنمائی میں پاک فوج کے کردار کو سراہا ہے۔
ذرائع کے مطابق کور کمانڈر ملتان نے غازی یونیورسٹی، ڈی جی خان میڈیکل کالج اور میر چاکر خان رند یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان کے اساتذہ اور طلبہ سے خصوصی نشست کی جس میں وائس چانسلرز، فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نشست کے دوران بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات اور خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر ایران سمیت خطے میں رونما ہونے والی اہم سٹریٹجک تبدیلیوں پر بھی گفتگو کی گئی۔
کور کمانڈر ملتان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دو قومی نظریہ ہماری قومی وحدت کی بنیاد ہے اور پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔
انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص میں اللہ تعالی کی مدد اور قوم کی بھرپور حمایت سے حاصل ہونے والی کامیابی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی قومی اتحاد اور افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔
نشست میں شریک طلبہ اور فیکلٹی ممبران نے آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی پر فخر کا اظہار کیا اور نوجوانوں کی فکری و قومی رہنمائی میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔
شرکا نے مستقبل میں بھی اس نوعیت کی آگاہی اور رہنمائی پر مبنی نشستوں کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا۔




