عالمی بینک نے پاکستان پر اگلے 10 سالوں میں 3 کروڑ نوکریاں پیدا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان آبادی کو روزگار نہ ملا تو بیروزگاری، بدامنی، ہجرت بڑھے گی۔
غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو میں صدر عالمی بینک اجے بنگا نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال 25سے 30لاکھ نئی ملازمتیں ضروری ہیں، اگلے 10سال میں 3کروڑ نوکریاں پیدا کرنا ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان آبادی کو روزگار نہ ملا تو بیروزگاری، بدامنی، ہجرت بڑھے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نوکریوں کا 90فیصد حصہ نجی شعبہ پیدا کرتا ہے، زراعت سے ایک تہائی روزگار پیدا ہو سکتا ہے، بجلی کا شعبہ سب سے بڑا مسئلہ ہے، اصلاحات کی فوری ضرورت ہے، بجلی نقصانات معیشت اور سرمایہ کاری کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سولر توانائی فائدہ مند مگر نظام کی بہتری ضروری ہے، صحت، انفرا اسٹرکچر، سیاحت، زراعت میں زیادہ روزگار کے مواقع ہیں، ماحولیاتی تحفظ کو ترقیاتی منصوبوں کا حصہ بنانا ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ بینک پاکستان کے ساتھ سالانہ 4ارب ڈالر کی شراکت داری کرے گا۔




