اتوار, جولائی 27, 2025
تازہ ترینہَل سے کیمرے تک،چینی کسان فوٹوگرافر عظیم دیوار سےفوائد اٹھا رہے ہیں

ہَل سے کیمرے تک،چینی کسان فوٹوگرافر عظیم دیوار سےفوائد اٹھا رہے ہیں

چین کے شمالی صوبے ہیبے کی لوان پھنگ کاؤنٹی میں عظیم دیوار کے جن شان لنگ حصے کا منظر-(شِنہوا)

شی جیا چوانگ(شِنہوا)عظیم دیوار کے جن شان لنگ حصے میں آنے والے سیاح باہر کی طرف جانے والی پگڈنڈی کے ساتھ نمائش کے لئے رکھی گئی یونیسکو کی فہرست میں شامل مقام کی شاندار تصاویر مشکل سے ہی نظر انداز کر سکتے ہیں۔ان میں سے اکثر تصاویر دوان جیو جن نے بنائی ہیں۔

دوان کے لینز سے سیاح بہار کے شگوفے پھوٹنے،اڑتے ہوئے بادلوں،موسم سرما کی برفباری،ستاروں سے مزین آسمان اور دوہری قوس قزح سمیت عظیم دیوار کے مختلف پس منظر کے شاندار نظاروں سے محظوظ ہوتے ہیں۔

ان کے کام سے ایک پیشہ ور فوٹوگرافر کا تاثر ملتا ہے جو علاقے کے مختلف دورے کرچکا ہے۔تاہم درحقیقیت56 سالہ دوان جن شان لنگ سے ملحقہ گاؤں ہوا لو گو کا رہائشی ہے جس نے 20 سال قبل اپنا ہل ایک طرف رکھ کر کیمرا اٹھالیا۔

بیجنگ سے 150 کلومیٹر مسافت پر ہیبے صوبے کی لوان پھنگ کاؤنٹی میں واقع جن شان لنگ منگ دور (1368-1644) کے ڈھانچے کے سب سے زیادہ محفوظ حصوں میں سے ایک ہے۔یہ منظر نامے کے ساتھ بہترین طور پر منسلک ہونے کے باعث تصاویر بنانے کے دلدادہ افراد کے لئے موزوں ترین مقام ہے۔

1980 کے اختتام پر مقامی علاقے میں سیاحت کے فروغ کے وقت دوان کو ایک دیہی گیسٹ ہاؤس کھول کر اپنے خاندان کے لئے اضافی آمدنی حاصل کرنے کا موقع ملا۔

2003 میں وانگ جیان وو نامی فوٹو گرافر نے ایک سال سے زائد عرصہ دوان کے گھر قیام کیا۔دوان وانگ کے کام سے اس قدر متاثر ہوا کہ اس نے تصاویر عمارت کی دیوار پر آویزاں کردیں۔

روانگی سے قبل وانگ نے دوان سے کہا کہ ’’تصاویر بناتے رہو۔کچھ سال میں دیوار پر لگی تصاویر کی جگہ تمہاری اپنی تصاویر ہوں گی‘‘۔

ان الفاظ سے متاثر ہو کر دوان نے مستعار لئے گئے کیمرے سے کام شروع کیا اور جلد فوٹوگرافی کے آرٹ میں غوطہ زن ہوگیا۔

ہاتھ میں کیمرے کے ساتھ دوان کی سحر انگیزی شوق میں تبدیل ہوگئی۔کچھ دیہاتیوں کے خدشات کے باوجود اس نے بہتر سامان میں سرمایہ کاری کی اور لاتعداد گھنٹے فوٹوگرافی کی مہارتیں سیکھیں۔

تصاویر میں بہتری سے دوان کو توجہ حاصل ہونے لگی۔عظیم دیوار کی مسحور کن خوبصورتی اجاگر کرنے والی اس کی تصاویر کو اعزازات ملنے لگ گئے جس سے علاقے میں مزید سیاح راغب ہوئے۔اس سے دوان کے خاندان کا کاروبارآگے بڑھنے میں مدد ملی۔

فوٹوگرافی سے دوان کو معاشی فوائد کے علاوہ دیگر فوائد حاصل ہوئے۔جلد دیگر فوٹوگرافی کے شوقین افراد علاقے کے حوالے سے اس کے علم سے متاثر ہو کر اس سے رہنمائی لینے لگ گئے۔

ایک چھوٹے گروپ سے شروع ہونے والا گروپ کسان فوٹوگرافروں کے ایک معاشرے میں تبدیل ہو چکا ہے جنہوں نے اس گاؤں کو حقیقی فوٹو گرافی گاؤں میں ڈھال دیا ہے۔گاؤں کے فوٹوگرافروں کی تنظیم 50 سے زائد ارکان پر مشتمل ہے۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!