صدر آصف زرداری نے فن لینڈ کیساتھ سیاسی، تجارتی و باہمی تعلقات کے فروغ کا عزم کرتے ہوئے کہا ہے کہ فن لینڈ کیساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، عالمی خوشحالی انڈیکس میں مسلسل 8سال پہلی پوزیشن حاصل کرنا فن لینڈ کے عوام کی صلاحیت و تخلیقی قوتوں کا ثبوت ہے۔
جاری بیان کے مطابق فن لینڈ کے 108 ویں یوم آزادی پر صدر آصف زرداری نے صدر الیگزینڈر اسٹب کے نام تہنیتی پیغام میں فن لینڈ حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے بعد سے فن لینڈ نے تعلیم، ٹیکنالوجی، اختراع، تحقیق، بائیوٹیکنالوجی اور جنگلات کے تحفظ سمیت متعدد شعبوں میں نمایاں ترقی حاصل کی ہے ،عالمی خوشحالی انڈیکس میں مسلسل 8سال پہلی پوزیشن حاصل کرنا فن لینڈ کے عوام کی صلاحیت و تخلیقی قوتوں کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان فن لینڈ کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک اہم عالمی امور پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا فروغ اور معاشی آزادی دونوں ممالک کی مشترکہ اقدار ہیں۔
انہوں نے کاروباری سرگرمیوں کے فروغ تعلیم، ماحولیات، ڈیجیٹلائزیشن، کان کنی اور ٹیلی کمیونی کیشنز شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فن لینڈ کیساتھ سیاسی، تجارتی اور عوامی روابط کے فروغ کیلئے پرعزم ہے، قریبی روابط سے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔




