چینی مین لینڈ کی 7 یونیورسٹیز کے 40 طلبا اور اساتذہ کے ایک وفد نے تائیوان کا اپنا 9 روزہ دورہ مکمل کر لیا۔(شِنہوا)
تائپے (شِنہوا) چینی مین لینڈ کی 7 یونیورسٹیوں کے 40 طلبا اور اساتذہ پر مشتمل ایک وفد نے تائیوان کا اپنا 9 روزہ دورہ جمعرات کے روز مکمل کر لیا ہے۔
یہ وفد 27 نومبر کو تائیوان روانہ ہوا اور دورے کے دوران جزیرے پر یونیورسٹیوں، تاریخی اورخوبصورت مقامات کے ساتھ ساتھ کھیلوں، سائنسی و تکنیکی اور ثقافتی مراکز کا دورہ کیا اور اس دوران مقامی لوگوں کے ساتھ وسیع پیمانے پر تبادلہ خیال کیا۔
وفد نے یہ دورہ تائیوان میں قائم ما اینگ۔جیو کلچر اینڈ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی دعوت پر کیا جس کی قیادت کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ تسنگھوا یونیورسٹی کمیٹی کے سیکرٹری چھیو یانگ نے کی۔
الوداعی عشائیے کے دوران چھیو نے کہا کہ مین لینڈ طلبا اور اساتذہ نے آبنائے تائیوان کے دونوں اطراف کے ہم وطنوں کے درمیان گہری ہم آہنگی اور جزیرے کی منفرد دلکشی کو زبردست طریقے سے محسوس کیا۔
انہوں نے آبنائے کے دونوں اطراف کے نوجوانوں کے لیے ایک دوسرے سے سیکھنے کے مزید مواقع فراہم کرنے، چینی ثقافتی روایات کے ذریعے مین لینڈاور تائیوان کے ہم وطنوں کے درمیان روحانی رشتہ کو مزید مضبوط کرنے کی کوششوں اور آبنائے پار تعلیمی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
چھیونے کہا چینی قوم کی عظیم نشاۃ ثانیہ کے عمل میں آبنائے کے دونوں اطراف کے ہم وطن غیر حاضر نہیں رہ سکتے۔
