بیلجیئم، چین اور یورپی کمیشن کے درمیان یورپی یونین کے چینی الیکٹرک گاڑیوں کے خلاف سبسڈی کے مقدمے پر برسلز میں مشاورت ہوئی۔(شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چین نے چینی الیکٹرک گاڑیوں (ای ویز) سے متعلق یورپی یونین کے کاؤنٹر ویلنگ اقدامات کے حتمی فیصلے کے خلاف عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) میں درخواست دائر کردی ہے۔
وزارت تجارت کے ترجمان نے بتایا کہ یورپی یونین کے رکن ممالک کی حکومتوں، صنعت اور عوام سمیت متعلقہ فریقوں کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات کے باوجود یورپی یونین نے چینی ساختہ الیکٹرک گاڑیوں پر بھاری کاؤنٹر ویلنگ ٹیکس عائد کرنے کے حتمی اقدامات کئے جس کی چین سختی سے مخالفت کرتا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے ترقیاتی مفادات کے تحفظ اور ماحول دوست منتقلی پر عالمی تعاون کے تحفظ کے لئے چین نے تنازعات کے تصفیے سے متعلق عالمی تجارتی تنظیم کے طریقہ کار میں درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا ۔
وزارت نے بتا یا کہ یورپی یونین کے چینی الیکٹرک گاڑیوں پر سبسڈی مخالف ابتدائی اقدامات کے خلاف چین نے تنظیم میں در خواست دائر کی تھی جس کے بعد یہ شکایت درج کرائی گئی ۔
ترجمان کا کہنا ہےکہ چین کو یقین ہے کہ یورپی یونین کے فیصلے میں حقائق اور قانونی بنیاد کا فقدان ہے۔ اس کے علاوہ عالمی تجارتی تنظیم کے قوانین کی خلاف ورزی کی گئی جو تجارتی بہتری کے اقدامات کا غلط استعمال اور جوابی کارروائی کے نام پر تجارتی تحفظ پسندی کے زمرے میں آتا ہے۔
چین نے یورپی یونین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی غلطیوں کا جائزہ لے ، فوری طور پر اپنے غیر قانونی طریقے درست کرے اور مشترکہ طور پر عالمی الیکٹرک گاڑیوں کے صنعتی اور سپلائی چین کے استحکام کے ساتھ ساتھ مجموعی طور پر چین- یورپی یونین اقتصادی اور تجارتی تعاون کو تحفظ دے۔
