چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ کے شہر یانگ جیانگ میں شہری طوفان کے باعث ایک شاہراہ پر گرے درختوں کے پاس سے گزر رہے ہیں-(شِنہوا)
گوانگ ژو(شِنہوا)چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ میں طوفان ماتمو کے شدت اختیار کرنے پر ہنگامی ردعمل کو انتہائی سطح تک بڑھا دیا گیا ہے اور اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔
سیلاب سے نمٹنے کے صوبائی صدر دفتر نے اتوار کی صبح ہنگامی ردعمل کو درجہ اوّل تک بڑھا دیا ہے۔ ہفتے کی شام تک ایک لاکھ 51 ہزار 352 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جن میں 9916 افراد کا تعلق سمندری علاقوں سے ہے۔
طوفان ماتمو جو بحرالکاہل کے 2025 کے طوفانی موسم کا 21 واں طوفان ہے، شمال مغرب کی سمت تقریباً 25 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بڑھ رہا ہے اور امکان ہے کہ یہ دوپہر کے وقت شدید طوفان کی شکل میں زمین سے ٹکرائے گا، جس کی رفتار 45 میٹر فی سیکنڈ تک ہوسکتی ہے۔ ساحلی شہروں میں شدید بارش اور طوفان کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ژان جیانگ شہر نے ہفتے کی شام سے تعلیمی ادارے، دفاتر، کارخانے، ٹرانسپورٹ اور کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر بند کر رکھی ہیں اور اتوار کی صبح سے تمام شاہراہیں بھی بند کر دی گئی ہیں۔ میری ٹائم حکام نے متاثرہ علاقوں میں آپریشن معطل کر دیئے ہیں اور ریسکیو ٹیمیں پورے خطے میں تعینات کر دی گئی ہیں۔
