بیجنگ: چین نے یورپی کمیشن سے اپنے سیاسی عزم کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانے اور تجارتی تنازعات کو مشاورت کے ذریعے حل کرنے کے لیے صحیح راستے کا انتخاب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
وزارت تجارت کے ترجمان نے ان خیالات کا اظہار چین سے بیٹری الیکٹرک گاڑیوں کی درآمد پر جوابی ڈیوٹی عائد کرنے کی کمیشن کی تجویز کے لیے یورپی یونین کے رکن ممالک سے ٹیرف کی منظوری کی لازمی حمایت حاصل ہونے پر کیا ہے۔
اس بات کا اظہار کرتے ہوئے کہ دونوں اطراف کی تکنیکی ٹیموں کے 7 اکتوبر سے مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگا ترجمان نے کہا کہ ہم یورپی یونین کی طرف سے حتمی فیصلے کے مسودے کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں لیکن چاہتے ہیں کہ اس مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔
وزارت نے یورپی یونین پر زور دیا کہ وہ اضافی محصولات عائد کرنے کے نقصانات سے واضح طور پر آگاہ رہیں، کیونکہ اس سے کوئی بھی مسئلہ حل نہیں ہوگا بلکہ صرف چینی کاروباری اداروں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچے گی اور یورپ میں سرمایہ کاری میں تعاون کرنے میں ان کے لیے رکاوٹ ڈالی جائے گی۔
ترجمان نے کہا کہ چین کا موقف مستقل اور واضح ہے۔ چین اس معاملے میں یورپی یونین کے غیر منصفانہ، غیر قانونی اور غیر معقول تحفظ پسندانہ طرز عمل کی مخالفت اور چینی الیکٹرک گاڑیوں پر یورپی یونین کی اضافی کانٹر ویلنگ ڈیوٹی کو مسترد کرتا ہے۔
