اسلام آباد: چینی شہریوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، یہ بات وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے چینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعاد ہ کرتے ہوئے کہی ۔
انہوں نے بتایا کہ ہم سی پیک کی ترقی کے لئے مکمل طور پر پرعزم ہیں،درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال کی زیر صدارت گوادر پورٹ اور فری زون کی ترقی میں حائل چیلنجز سے نمٹنے کے حوالے سے اعلی سطحی جائزہ اجلاس ہوا۔ جس میں پانی، بجلی، گیس اور سیوریج سسٹم، گوادر پورٹ، فری زون اور گوادر سیف سٹی پراجیکٹ سمیت گوادر فری زون کی ترقی سے متعلق اہم زیر التوا امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اجلاس کے دوران گوادر سیف سٹی منصوبے میں تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کی سرزنش کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کو بلا تاخیر مکمل کیا جائے۔ وفاقی وزیر نے چینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اورسیکیورٹی کے حوالے سے خدشات دور کرنے کے لیے قومی سلامتی کے اقدامات میں منظم اضافے پر زور دیا۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے گوادر میں تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے ان کی رفتار تیز کرنے پر زور دیا۔انہوں نے چین کی جانب سے برآمدات میں اضافے اور دیگر مسائل کے حل کے لئے مسلسل حمایت اور مدد پر شکریہ ادا کیا ۔ اجلاس میں سیکرٹری منصوبہ بندی اویس منظور سمرا سمیت مختلف صوبوں اور وزارتوں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
