اتوار, جولائی 27, 2025
تازہ تریناساتذہ کا عالمی دن: اساتذہ کے ساتھ کئے گئے وعدوں کی تکمیل...

اساتذہ کا عالمی دن: اساتذہ کے ساتھ کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے لیے پرعزم ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں اساتذہ کا عالمی دن منایا گیا، عالمی یوم اساتذہ پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان اساتذہ کے ساتھ کئے گئے اپنے وعدے کی تکمیل کے لیے پرعزم ہے،جدید انفراسٹرکچر اور تعلیمی وسائل میں سرمایہ کاری جاری رکھیں گے۔

ہفتہ کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں اساتذہ کا عالمی دن منایا گیا ۔ یہ دن ہمارے ان رہبروں کے نام جنہوں نے ہم جیسے بے شعور پتلوں کو شعور دے کر انسان بنایا، اساتذہ اخلاقی، فکری اور سماجی ترقی کے معمار ہیں۔ اساتذہ کرام کے انمول کردار کو عزت دینے اور ان کی گراں قدر خدمات پر خراج تحسین پیش کرنے کے لیے یہ دن مقرر کیا گیا ہے۔

سماجی و قومی ترقی میں اساتذہ کے گراں قدر حصے کے اعتراف کیلئے 1994 سے سلسلہ شروع ہوا اور وقت کے ساتھ یہ روایت مضبوط ہوئی اور وہ معاشرے جہاں ماضی قریب میں اس خصوصی دن کا تصور نہ تھا اب وہاں بھی ٹیچرز ڈے پر بچے اپنے اساتذہ کو تحائف اور تہنیتی کارڈ پیش کرتے اور پیغامات بھیجتے ہیں۔

اس روایت نے استاد اور شاگرد کے خوبصورت رشتے میں نئے احساسات اجاگر کئے ہیں، اساتذہ کی خدمات کے اعتراف کا ایک طریقہ یہ ہے جو ٹیچرز ڈے پر حق خدمت کے طور پر اختیار کیا جاتا ہے مگر صرف پھول کارڈ یا تحائف ہی اس اعتراف کیلئے کافی نہیں۔

عالمی یوم اساتذہ پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کے دن ہم ان لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کے مستقبل کی تشکیل اور علم کو فروغ دینے کے عظیم مشن کو سر انجام دینے کا بیڑہ اٹھایا ہے، درحقیقت کسی ملک کی ترقی بنیادی طور پر اس کے افراد کی تعلیم سے جڑی ہوتی ہے اور یہ اساتذہ کی انتھک محنت ہی ہے جو نوجوان نسل میں ترقی اور خوشحالی کی تحریک اور لگن پیدا کرتی ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا تھا کہ میں پاکستان بھر کے تمام اساتذہ کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں جو اپنے غیر متزلزل عزم کے ساتھ نوجوان ذہنوں کو سنوارتے ہیں ، وہ ہمارے مستقبل کے معمار ہیں اور علم پر مبنی معیشت بننے کے ہمارے مقصد کے لیے ان کی لگن ناگزیر ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ ان کی کاوشوں کے بغیر ہم اپنی ان امنگوں کو پورا نہیں کر سکتے جو ہم نے بحیثیت قوم اپنے لیے متعین کر رکھی ہیں، وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ہمارا مقصد ایک اعلی کارکردگی کا حامل تعلیمی نظام وضع کرنا ہے جو ہمارے طلبا اور اساتذہ دونوں کو تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں ترقی کی منازل طے کرنے کے قابل بنا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئیے ،ہم آج اور ہر آنے والے دن کو اپنے اساتذہ کے انتہائی اثر انگیز کردار کے طور پر منائیں اور پاکستان کے مستقبل کے رہنماں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے کے ان کے مشن میں ان کی معاونت کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!