اتوار, جولائی 27, 2025
تازہ ترینتحریک انصاف کا احتجاج،اسلام آباد،موٹروے پہ کشیدگی

تحریک انصاف کا احتجاج،اسلام آباد،موٹروے پہ کشیدگی

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث رات بھر شہر اقتدار کے حالات کشیدہ رہے جگہ جگہ مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں ہوتی رہیں ۔ ڈی چوک پہنچنے پر پولیس نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں اور کئی کارکنوں کو دھرلیا۔ پاک فوج کے دستوں نے آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد میں سکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں ہیں جبکہ ڈی چوک پرپولیس اورایف سی کی بھاری نفری موجود ہے۔

علی امین گنڈا پور کا قافلہ گزشتہ رات سے حسن ابدال کٹی پہاڑی پر محصور رہا جہاں سے وہ ہفتہ کی صبح روانہ ہوا اور آخری اطلاعات تل برہماں بوہتر انٹر چینج پر پہنچ چکا جہاں پولیس نے مظاہرین کو روکنے کے لئے آنسو گیس کا استعمال کیا۔ علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ جتنی چاہے رکاوٹیں ڈال لیں، ڈی چوک ہی ہماری منزل ہے اس سے قبل وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی قیادت میں پی ٹی آئی کارکنوں کا قافلہ چھچھ اور پھر برہان میں کنٹینرز ہٹا کر جمعہ کی سہ پہر براہمہ پہنچ تھا۔

پولیس کی شیلنگ کے باعث قافلہ براہمہ پر ہی پھنس گیاتھا۔ تاہم کچھ دیر بعد قافلہ آگے بڑھنے میں کامیاب رہا۔حسن ابدال کٹی پہاڑی پر علی امین گنڈا پور کے قافلے پر شدید شیلنگ شروع ہوگئی۔ پولیس اور مظاہرین کیدرمیان تصادم کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں، جبکہ شیلنگ کے دوران علاقہ اندھیرے میں ڈوب گیا۔

ہفتہ کو اسلام آباد انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کے حتجاج کو روکنے کیلئے موٹروے ٹول پلازہ اور 26 نمبر کے درمیان مزید رکاوٹیں کھڑی کر دیں اورکشمیر ہائی وے کو بھی کھودنا شروع کردیا، پاکستان تحریک انصاف کے حتجاج کے باعث اسلام آباد میں موبائل سگنلز دوسرے روز بھی بند رہے،وفاقی دارالحکومت کے داخلی راستوں کی بندش کے باعث منڈیوں میں کھانے پینے کی اشیا بھی نہ پہنچ سکی، پھل اور سبزیوں کے بھرے ٹرک داخلی راستوں پر ٹریفک کھلنے کے منتظر رہے ،اسلام آباد ائیرپورٹ جانے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا پڑا ،راستوں کی بندش کے باعث بیس منٹ کا راستہ گھنٹوں میں طے ہونے لگا۔

ادھراسلام آباد کے بلیو ایریا میں بھی مظاہرین اور پولیس میں جھڑپ ہوتی رہی، شیلنگ سے سڑکوں پر صرف دھوئیں کے بادل ہی نظر آرہے تھے صورتحال کا جائزہ لینے کیلیے وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہراقتدار کا فضائی جائزہ لیا۔

وزارت داخلہ نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کی تعیناتی کے احکامات دیئے، پاک فوج کے دستوں کی اسلام آباد اور گرد و نواح میں تعیناتی کا عمل مکمل ہو چکا ہے، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کیلئے پاک فوج کا علاقے بھر میں گشت شروع کر دی ، کسی بھی شرپسند کو امن و امان تہہ و بالا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

شہر میں امن و امان کے لیے اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے آئندہ دو روز کے لیے ڈبل سواری پہ پابندی عائد کر دی گئی ہے، جس کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوچکا ہے، خلاف ورزی کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔جڑواں شہروں میں چلنی والی میٹرو بس سروس بھی مکمل طور پر بند رہے گی، راولپنڈی صدر اسٹیشن تا پاک سیکریٹریٹ تک میٹرو بس سروس بند رہے گی۔

خیبر پختونخوا، پنجاب کے سرحدی علاقے اٹک خورد پر دونوں اطراف سے ٹریفک بند ہیں، پولیس نے خیبر پختونخوا جانے والی سڑک بھی بند کر دی، جی ٹی روڈ کی بندش سے دونوں صوبوں کے درمیان رابطہ منقطع ہو گئے ہیں

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!