چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ کے شہر شین زین میں 13 ویں چین الیکٹرانک انفارمیشن ایکسپو (سی آئی ٹی ای 2025) میں ایک مہمان گرافک کارڈ کے بارے میں معلومات لے رہاہے-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین نے 2025 سے 2026 کے درمیان الیکٹرانک انفارمیشن مینوفیکچرنگ صنعت میں ترقی کو مستحکم کرنے کے لئے ایک لائحہ عمل جاری کردیا ہے۔
چینی وزارت صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ریاستی انتظامیہ برائے مارکیٹ ریگولیشن کی جانب سے جاری کردہ اس منصوبے کے مطابق 2025 سے 2026 کے دوران کمپیوٹر، مواصلات اور دیگر الیکٹرانک آلات کی تیاری سے منسلک صنعتوں میں تیار اشیاء کی اوسط سالانہ شرح نمو تقریباً 7 فیصد رہنے کی توقع ہے۔
منصوبے کے مطابق اگر لیتھیئم بیٹریز، شمسی توانائی اور پرزوں کی تیاری جیسے متعلقہ شعبوں کو بھی شامل کیا جائے تو الیکٹرانک انفارمیشن مینوفیکچرنگ صنعت کی سالانہ آمدنی کی اوسط شرح نمو 5 فیصد سے تجاوز کر جائے گی۔
منصوبے میں الیکٹرانک انفارمیشن مینوفیکچرنگ صنعت میں مشینوں اور آلات کو جدید بنانے اور بڑے منصوبے شروع کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ اس کا مقصد ان بڑے منصوبوں کے ذریعے اس صنعت کو زیادہ ترقی یافتہ، ذہین اور ماحول دوست بنانا ہے۔
منصوبے میں کہا گیا ہے کہ عالمی معیار کی الیکٹرانک انفارمیشن صنعت کے مراکز قائم کئے جائیں اور ساتھ ہی چھوٹے کاروباروں کے لئے مخصوص صنعتی علاقے بھی بنائے جائیں۔
