ٹورنٹو: دنیا بھر میں اپنی سریلی آواز اور دل کو چھو لینے والے گانوں کی وجہ سے پہچانے جانے والے پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم نے کہا ہے کہ مجھے بالی ووڈ یاد آتا ہے، آٹھ دس سال ہو گئے ہیں، وہاں پرفارم کرنے اور اسٹوڈیوز میں ریکارڈنگ کرنے کے دن یاد آتے ہیں، دوست بھی یاد آتے ہیں، لیکن خوشی ہے کہ دنیا بھر میں موسیقی پروان چڑھ رہی ہے۔
کینیڈا میں اپنے کنسرٹ کے دوران بھارتی صحافی کو انٹرویو میں انہوں نے سلمان خان کے ساتھ کام کرنے کی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم دبئی میں وِشال شیکھر کے ساتھ تھے، مجھے یاد ہے کہ انہوں نے مجھے لو نوٹس پر گانے کو کہا، حالانکہ سب مجھ سے ہائی نوٹس کی توقع رکھتے تھے، لیکن جب میں نے لو نوٹس پر گایا تو ایک خوبصورت دھن سامنے آئی، گانے کے بول بھی نہایت حسین تھے۔
گلوکار کا کہنا تھا کہ میں نے سلمان خان کے لیے بھی گایا اور یہ ہمیشہ خوشی کی بات ہوتی ہے کیونکہ ان سے کئی بار ملاقات ہوئی، وہ بیحد شاندار شخصیت کے مالک ہیں۔
دوران انٹرویو انہوں نے بھارتی گلوکاروں شیکھر روجانی اور متھون کی بھی تعریفیں کیں اور کہا کہ انہیں دونوں بہترین گلوکاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا اور ان کی ان کے ساتھ کام کے دوران بہت ساری یادیں وابستہ ہیں۔
عاطف اسلم کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان کی بات کریں تو ہمارے پاس اتنے بڑے نام اور گلوکار نہیں ہیں اور اللہ نے مجھے محدود وسائل کے باوجود بالی ووڈ تک پہنچایا، یہ میری سب سے بڑی کامیابی اور اللہ کا انعام ہے، اس نے مجھے اس بڑی دنیا میں نمایاں کیا، میں اس کے شکر کا حق بھی ادا نہیں کرسکتا۔
