لاہور: بھارتی آبی جارحیت کے باعث دریائے ستلج، راوی اور چناب میں شدید طغیانی کے باعث جنوبی پنجاب کے کئی علاقے ڈوب گئے۔
ذرائع کے مطابق دریائے ستلج پر گنڈا سنگھ والا کے مقام پر سیلاب نے ہولناک شکل اختیار کر لی جہاں پانی کا بہا 3 لاکھ 27 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا۔سلیمانکی اور اسلام ہیڈورکس پر بھی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں بہاولپور کی چار تحصیلوں کے ندی نالے اور قریبی علاقے پانی میں ڈوب گئے، دریائے راوی میں ہیڈ سدھنائی پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ ہیڈ بلوکی پر پانی کی آمد 1لاکھ 38 ہزار 760 کیوسک سے تجاوز کر گئی ہے، اسی طرح دریائے چناب میں بھی خانکی، ہیڈ قادرآباد اور چنیوٹ کے قریب پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔
ملتان میں قاسم بیلا کے قریب شجاع آباد کینال میں پانی کی مقدار اس کی اصل گنجائش سے تین گنا زیادہ ہو چکی ہے، نہر اوور فلو ہونے سے آس پاس کے علاقوں میں سیلابی پانی داخل ہو گیا۔شیر شاہ بند بھی اوور فلو ہونے کے بعد متعدد بستیاں زیر آب آ گئیں، اکبر پور، بستی کوتوال اور ملحقہ علاقوں میں سیلابی پانی گھس گیا۔
ریسکیو ٹیمیں اور ضلعی انتظامیہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں تاہم پانی کی شدت کے باعث کئی مقامات تک پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہے۔
