فرینکفرٹ: جرمنی کی معروف کارسازکمپنی مرسڈیز بینز نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے چینی شراکت داروں کے ساتھ مل کر چینی مارکیٹ میں اضافی 14 ارب یوان (1.97 ارب امریکی ڈالر) کی سرمایہ کاری کرے گی، جس سے چین میں ہماری مصنوعات کے تعدا میں اضافہ ہوگا۔
جرمن کمپنی نے ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ وہ چینی مارکیٹ میں متعدد نئے ماڈلز جاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جن میں سے کچھ 2025 کے اوائل میں اپنا آغاز کریں گے۔
نئے ماڈلز میں نئی لانگ ویل بیس الیکٹرک سی ایل اے، جی ایل ای ایس یو وی کا لانگ ویل بیس ورژن اور وین الیکٹرک آرکیٹیکچر پر مبنی لگژری الیکٹرک وین ماڈل شامل ہیں۔
مرسڈیز کا کہنا ہے کہ وہ چینی مارکیٹ میں طویل المدتی سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کر رہی ہے اور چین کے آٹوموٹیو سیکٹر کو تبدیل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
مرسڈیز بینز گروپ اے جی کے بورڈ آف مینجمنٹ کے چیئرمین اولا کیلینیئس نے کہا کہ چین ہمیشہ سے ہماری عالمی حکمت عملی کا ایک اہم ستون رہا ہے اور ہماری برقی تبدیلی اور ذہین جدت طرازی میں سب سے آگے ہے۔
