ریاض: سعودی عرب کے سرکاری ادارے سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ (ایس ایف ڈی) کے سربراہ احمد عقیل الخطیب نے کہا ہے کہ ترقی پذیر ممالک میں منصوبوں کی مالی اعانت کرنے والا سعودی عرب کا سرکاری ادارہ مستقبل میں چین کے ساتھ تعاون کے مواقع کا خیر مقدم کرتا ہے۔
ایس ایف ڈی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین احمد عقیل الخطیب نے کہا کہ فی الحال ہم ایشیائی ترقیاتی بینک کے ذریعے چین کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔ تاہم ہم کسی بھی براعظم میں اپنے منصوبوں کو وسعت دینے کے لئے چین کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ان کا ادارہ 2003 سے چین کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔
الخطیب نے ریاض میں منعقدہ ایس ایف ڈی کی 50 ویں سالگرہ کی تقریبات کے موقع پر شِنہوا کو ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ ترقی پذیر ممالک میں ہوائی اڈوں، سڑکوں، سکولوں اور صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات جیسے بنیادی ڈھانچے کی ترقی انتہائی اہم ہے اورچین ان شعبوں میں بہت بڑا حصہ ڈال رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم مستقبل میں ان شعبوں میں چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہشمند ہیں۔
الخطیب نے افریقہ کی ترقی میں چین کے اہم کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان کے ادارے نے براعظم افریقہ میں سڑکوں، ریلوے، بجلی اور پلوں جیسے چینی مالی اعانت سے چلنے والے منصوبوں کا مشاہدہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم چین کی طرف سے فراہم کردہ منصوبوں کو تکمیلی منصوبوں کے طور پر دیکھتے ہیں۔
