ہانگ ژو: چین کے مشرقی صوبے ژے جیانگ میں حکام نے انسانی روبوٹ کی صنعت کے فروغ کا منصوبہ جاری کردیا ہے۔ صوبہ ژے جیانگ کو چین کے اقتصادی مرکز کا درجہ حاصل ہے۔
ژے جیانگ کے محکمہ معیشت و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ویب سائٹ پر شائع شدہ 2024 تا 2027 منصوبے میں کہا گیا ہے صوبہ اپنے صدرمقام ہانگ ژو کو ان کے "دماغ” اور "سیریبیلم” سمیت انسان نما روبوٹس کے انٹیلی جنس نظام سے متعلق کامیابیوں کے لئے مدد فراہم کرے گا۔
ژے جیانگ کی پیداواری صنعت میں اعلیٰ معیار کی ترقی کے لئے معروف گروپ کے دفتر سے جاری کردہ منصوبے کے مطابق لارج لینگوئج ماڈل انٹرپرائزز کو انسانی روبوٹس کے ساتھ مطابقت رکھنے والے یونیورسل ملٹی ماڈل تیار کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔ اس سے "دماغ” کی تربیت تیزہوگی اور آواز کے ساتھ تال میل ، منطقی استدلال اور اہداف کی منصوبہ بندی جیسی صلاحیتوں کو تقویت ملے گی۔
اس کے علاوہ انسان نما روبوٹ کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی کہ وہ "سیریبیلم” افعال کی مہارت بڑھانے کے لئے موشن کنٹرول اور بیلنس کوآرڈینیشن کا خصوصی ماڈل تیار کریں۔
دیگر مقاصد کے علاوہ جدید ٹیکنالوجیز جیسے دماغ سے متاثر ذہانت اور ذہین کمپیوٹنگ پاور ڈیویلپمنٹ بہتر بنانے کے ساتھ روبوٹس کے جدید انضمام کے فروغ کی کوششیں بھی ہوں گی۔
منصوبے کے تحت صوبہ لیب سے فیکٹری کے عمل کو تیز کرکے انسانی روبوٹ کے شعبے میں کاروباری اداروں کا ایک کلسٹر تیار کرے گا۔
