اسلام آباد: سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر سینیٹر شبلی فراز نے اسلام آباد میں بغیر اجازت جلسے پر سزا کے بل کو حکومت کی بدنیتی قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ بل پی ٹی آئی جلسے کو نشانہ بنانے کیلئے بنایا گیا، حکومت اتھارٹی کا غلط استعمال کررہی ہے، بل ان کے گلے پڑے گا۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ حکومت اپنی اتھارٹی کا غلط استعمال کررہی ہے، اسلام آباد میں بغیر اجازت جلسے پر سزاکا بل ان کے گلے پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب کرکٹ ٹیمیں آتی ہیں، تب بھی شہر کو محصور کردیا جاتا ہے، بل سے ان کی بدنیتی واضح ہوچکی ہے، حکومت بھی جلسہ کر لے، میں انہیں چیلنج کرتا ہوں، یہ قانون محض پی ٹی آئی کے جلسہ کو نشانہ بنانے کیلئے بنایا گیا ہے، وزیر قانون دن دیہاڑے کیسے ہماری آنکھوں میں دھول جھونک سکتے ہیں؟۔
انہوں نے کہا کہ منی بل یا ججز کی تعداد میں اضافے کا بل نجی ممبر نہیں پیش کر سکتا، کیسے ایوان کو استعمال کرتے ہوئے ججز کی تعداد میں اضافے کا نجی بل پیش ہوا،؟ ججز کی تعداد میں اضافے کا بل صرف حکومت پیش کر سکتی ہے، انہیں ججز کی تعداد میں اضافے کے بل پر قومی اسمبلی میں شرمندگی کا سامنا ہوا، سینیٹ سے یہ نجی بل پیش کرنا درست نہیں تھا۔
