چین کے شمال مغربی ننگشیا ہوئی خودمختار علاقے کے شہر یِن چھوان کےضلع شِنگ چِھنگ کے ژانگ زی جھیل کے ماحولیاتی سیاحتی علاقے میں فٹنس ٹریل کا خوبصورت فضائی منظر-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین نے 2025 سے 2030 کے عرصے کے لئے ایک لائحہ عمل جاری کیا ہے جس کا مقصد عوامی صحت کے تحفظ کے لئے ماحولیاتی حالات کو بہتر بنانا ہے۔
یہ منصوبہ چین کے بیماریوں سے بچاؤ اور روک تھام کے قومی اداراے (این اے ڈی پی سی) اور دیگر کئی محکموں کی جانب سے مشترکہ طور پر جاری کیا گیا ہے۔ اس میں ماحول کو زیادہ سرسبز، محفوظ اور رہنے کے قابل بنانے کے لئے 16 ٹھوس اقدامات شامل ہیں۔
حالیہ برسوں میں چین نے صحت مند ماحول کے قیام میں نمایاں پیشرفت کی ہے، جس میں کوڑے کے الگ کرنے اور دوبارہ قابل استعمال بنانے میں بہتری، فضائی آلودگی کو روکنے کے اقدامات میں سختی اور عوامی صحت کے حادثات کے لئے ہنگامی ردعمل کی صلاحیتوں میں اضافہ شامل ہے تاہم عالمی موسمی تبدیلیوں کی شدت نئے چیلنجز پیدا کر رہی ہے۔
مجوزہ اقدامات میں عوام میں متوازن غذا اور باقاعدہ ورزش کو فروغ دینا، کمیونٹی کی سطح پر کوڑے کو الگ کرنے کے نظام کو بہتر بنانا اور سرسبز مقامات اور پیدل چلنے کے راستوں کو بڑھانا اور برقرار رکھنا شامل ہیں۔ اس منصوبے میں مختلف شعبوں کے مابین بہتر پالیسی انضمام، مضبوط نگرانی، خطرے کا جائزہ، ابتدائی انتباہی نظام اور عوامی صحت سے متعلق مشوروں کو بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔
2030 تک اس منصوبے کے 2 اہم اہداف ہیں جن میں پینے کے پانی کے معیار میں مسلسل بہتری، ماحول اور صحت سے متعلق عوامی شعور میں اضافہ شامل ہیں۔
این اے ڈی پی سی کے ایک اہلکار کے مطابق ماحولیاتی صحت کا تصور تمام پالیسی نظاموں میں شامل کیا جانا چاہیے۔ ادارہ متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر کام کرے گا تاکہ آپس میں بہتر ہم آہنگی ہو، عوام سے رابطہ مضبوط کیا جا سکے اور مقامی حالات کے مطابق صحت مند ماحول کے منصوبوں میں مقامی حکام کی رہنمائی کی جا سکے۔
