چین کے شمال مشرقی صوبے جی لِن کے دارالحکومت چھانگ چھون کی زمینی بندرگاہ پر بڑی ایس یو وی کار ساز کمپنی گریٹ وال موٹرز کی ہیول سیریز کی گاڑیاں چھانگ چھون-مان ژولی-یورپ بین الاقوامی ریل مال بردار لائن کے ذریعے روس برآمد کئے جانے کی منتظر ہیں-(شِنہوا)
ماسکو(شِنہوا)چینی کار ساز ادارے مئی 2025 میں روس میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی مسافر گاڑیوں کی فہرست میں 5 سرفہرست برانڈز میں شامل رہے۔
روسی تجزیاتی ادارے آٹو سٹارٹ کے مطابق مئی میں روس میں مجموعی طور 91 ہزار 218 مسافر گاڑیاں فروخت ہوئیں جو گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 28.3 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہیں۔
مقامی کمپنی لاڈا نے25 ہزار 552 گاڑیوں کی فروخت کے ساتھ اپنی سرفہرست پوزیشن برقرار رکھی جبکہ چینی برانڈز نے بھی روسی مارکیٹ میں اپنی مضبوط موجودگی کا تسلسل قائم رکھا۔
رپورٹ سے ظاہر ہوا کہ مئی 2025 میں ہیول روس میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والا چینی برانڈ رہا جس نے 10ہزار 623 گاڑیوں کی فروخت کے ساتھ نئی گاڑیوں کی کل فروخت میں تقریباً 12 فیصد حصہ حاصل کیا۔چیری کی 9 ہزار 780 گاڑیاں فروخت ہوئیں۔ گیلی کی 6 ہزار 299 اور چھانگ آن کی 5 ہزار 639 گاڑیاں فروخت ہوئیں۔
اس سال کے ابتدائی 5 مہینوں میں روس میں4 لاکھ 40 ہزار 259 نئی مسافر گاڑیاں فروخت ہوئیں جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 26 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہیں۔
سرکاری ریسرچ سنٹر وی ٹی ایس آئی او ایم کی جانب سے گزشتہ سال کرائے گئے سروے کے مطابق روسی صارفین چینی کاروں کو ان کی مناسب قیمت، دستیابی، جدید ٹیکنالوجی پر مبنی خصوصیات، دلکش ڈیزائن، اعلیٰ معیار اور آرام دہ تجربے کی بنیاد پر قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
