اتوار, جولائی 27, 2025
انٹرنیشنلاسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں زمینی کارروائی میں توسیع کردی

اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں زمینی کارروائی میں توسیع کردی

غزہ شہر کے علاقے شجاعیہ سے فلسطینی شہری نقل مکانی کررہےہیں۔(شِنہوا)

غزہ(شِنہوا)فلسطینی اور اسرائیلی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ شہر کے نواحی علاقے شجاعیہ  میں شدید گولہ باری کے ساتھ زمینی کارروائیوں کو تیز کردیاہے جس کے نتیجے میں متعدد ہلاکتیں اور بڑے پیمانے پر نقل مکانی ہوئی ہے۔

مقامی عینی شاہدین نے شِنہوا کو بتایا  کہ اسرائیلی ٹینک مشرقی شجاعیہ کی جانب پیش قدمی کر رہے ہیں اور گنجان آباد علاقے کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا گیاہے جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔

غزہ میں شہری دفاع کے ترجمان محمود بسال نے تصدیق کی ہے کہ بڑھتی ہوئی کارروائی کے نتیجے میں متعدد شہادتیں ہوئی ہیں۔ بمباری کی شدت کی وجہ سے امدادی ٹیمیں بہت سے زخمیوں تک پہنچنے میں ناکام ہیں۔

دریں اثنا اسرائیلی فوج نے ایک پریس بیان میں اعلان کیا ہے کہ اس کی افواج "سکیورٹی بڑھانے کے لئے شجاعیہ میں کارروائیوں میں توسیع کر رہی ہیں”۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس کارروائی میں متعدد عسکریت پسندوں کا خاتمہ کیا گیا ہے اور حماس کے کمانڈ سنٹر سمیت فوجی مقامات کو تباہ کردیا گیا ہے۔

فوجی کارروائیوں میں اضافے کے نتیجے میں نقل مکانی کی ایک نئی لہر شروع ہوگئی ہے اور ہزاروں خاندان اپنے گھروں کو چھوڑ کر محفوظ علاقوں میں چلے گئے ہیں۔ ایک مقامی رہائشی عدلی منصور نے شِنہوا کو بتایا کہ دھماکے رات بھر جاری رہے جس کی وجہ سے اہل خانہ خوف و ہراس کے عالم میں نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں۔

ایک اور رہائشی ابراہیم نے کہاکہ بغیر کسی انتباہ کے ہمیں بمباری میں رہنے یا نامعلوم انجام کی طرف جانے میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑا ہے۔

18 مارچ کو غزہ کی پٹی پر اسرائیل حملوں کے دوبارہ آغاز کے بعد سے کم از کم 1249 فلسطینی شہید اور 3022 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ صحت کے مقامی حکام نے بتایا کہ اکتوبر 2023 میں جنگ کے آغاز سے اب تک شہداء کی تعداد 50ہزار609 ہوگئی ہے جبکہ  ایک لاکھ 15ہزار63 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!