امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر آسٹن میں منعقدہ ایک نمائش میں ٹک ٹاک کا بوتھ دیکھا جاسکتا ہے۔ (شِنہوا)
واشنگٹن (شِنہوا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا ہے کہ وہ بائٹ ڈانس کو مزید 75 دن کی مہلت دے رہے ہیں تاکہ مقبول ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک کو کسی غیر چینی ادارے کو فروخت کردیا جائے یا امریکہ میں اس پر پابندی لگادی جائے۔
ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ان کی انتظامیہ ٹک ٹاک کو بچانے کے معاہدے پر بہت محنت کر رہی ہے اور ہم نے زبردست پیشرفت کی ہے۔
ٹرمپ کے مطابق ’’معاہدے کے لئے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ تمام ضروری منظوریوں پر دستخط کئے جاسکیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ ٹک ٹاک کو مزید 75 دن تک جاری رکھنے سے متعلق انتظامی حکام نامے پر دستخط کررہے ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ چین کے ساتھ نیک نیتی سے کام کرتے رہیں گے۔
اپنے پہلے دور حکومت میں ٹرمپ نے ایک انتظامی حکم نامے پر دستخط کئے تھے جس کے تحت امریکہ میں بائٹ ڈانس پر کسی امریکی کمپنی کو فروخت کرنے تک پابندی عائد کردی گئی تھی تاہم قانونی مسائل کی وجہ سے یہ حکم نافذ العمل نہیں ہوسکا۔
