آئی سی سی ٹی 20ورلڈ کپ میں عمدہ کاکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی اوپنر صاحبزادہ فرحان نے بھارتی سٹار ابھیشیک شرما کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے، ابھیشیک کی ٹاپ پوزیشن اب پاکستانی اوپنر کے نشانے پر آگئی ہے، دونوں کے درمیان فاصلہ محض 26پوائنٹس رہ گیا ہے، صاحبزادہ فرحان 383رنز بنا کر دوسرے نمبر پر ہیں، انہوں نے سری لنکا کیخلاف پالے کیلے میں سنچری بھی بنائی تھی، رینکنگ میں صاحبزادہ فرحان نے انگلش بیٹر فل سالٹ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، وہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔
بھارتی بیٹسمین ایشان کشن چوتھے اور ہم وطن تلک ورما چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جنوبی افریقا کے ڈیووالڈ بریوس نے آٹھویں پوزیشن پر حق جتا دیا ہے، زمبابوے کے برائن بینیٹ 6 درجے چھلانگ لگا کر 11ویں درجے پر آگئے ہیں، جنوبی افریقا کے ریان ریکلٹن 13اور ایڈن مارکرم 16نے بھی رینکنگ میں بہتری پائی۔
بولنگ میں بھارتی سپنر وررون چکرورتی نے ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جما رکھا ہے، انکی سبقت بھی اب 18پوائنٹس رہ گئی ہے، پاکستانی سپنر ابرار احمد نے تیسری پوزیشن حاصل کرلی ہے، جسپریت بمرا ساتویں اور ارشدیپ سنگھ 13ویں نمبر پر ہیں، انگلینڈ کے لیام ڈاسن 14ویں پوزیشن پر پہنچے ہیں، جنوبی افریقا کے لونگی نگیدی ٹاپ 20کے آخری شریک ہیں۔آل رانڈرز میں زمبابوین کپتان سکندر رضا کی بادشاہت برقرار ہے، بھارت کے ہردیک پانڈیا نے صائم سے دوسری پوزیشن چھین لی اور پاکستانی آل رائونڈر ایک قدم پیچھے ہٹ کر تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں، ویسٹ انڈیز کے تجربہ کار جیسن ہولڈر کو 8درجے کی ترقی نے 11ویں پوزیشن پر پہنچا دیاہے۔




