الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کے معاملے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔
جمعرات کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5رکنی بینچ نے کیس پر سماعت کی۔
سیکرٹری داخلہ الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوئے جس پر الیکشن کمیشن نے انہیں توہین الیکشن کمیشن کا نوٹس جاری کر دیا۔
دورانِ سماعت چیف الیکشن کمشنر نے سوال کیا کہ سیکرٹری داخلہ کہاں ہیں؟ اگر سیکرٹری نہیں آ رہے تو وزیر داخلہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہیں، آئندہ سب سماعت پر وفاقی وزیر داخلہ خود آئیں گے، آئی سی ٹی حکام آپ جائیں اور کہیں کہ ہمیں الیکشن کمیشن میں سنا نہیں گیا۔
الیکشن کمیشن کے حکام نے کہا کہ سیکرٹری داخلہ کو لیٹر بھیجا تھا لیکن وہ تعاون نہیں کر رہے، ہم نے لیٹر بھیجا لیکن کوئی جواب نہیں آیا جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ سیکرٹری داخلہ کو توہین الیکشن کمیشن کا نوٹس جاری کریں۔
بعد ازاں کیس کی سماعت ملتوی کردی گئی۔




