چین کے دارالحکومت بیجنگ میں محققین لیبارٹری میں ’’کیس بوٹ 01‘‘ کو درست کر رہے ہیں۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)بیجنگ کی بلدیاتی حکومت نے کہا ہے کہ انسان نما روبوٹس اپریل میں بیجنگ میں ہونے والی ہاف میراتھن میں حصہ لیں گے جبکہ اگست میں انسان نما روبوٹس کی سپورٹس میٹ بھی طے ہے۔
علاقے کی انتظامی کمیٹی کے نائب سربراہ لی چھوان نے کہا کہ 13 اپریل کو بیجنگ کے جنوب مشرقی حصے میں بیجنگ اکنامک۔ٹیکنالوجیکل ڈویلپمنٹ ایریا میں ہونے والی ہاف میراتھن میں روبوٹ اور انسانی ایتھلیٹ ایک ہی راستے پر مقابلہ کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ انسانوں اور روبوٹس دونوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے انسان نما روبوٹ اپنے الگ ٹریکس پر دوڑیں گے جنہیں رکاوٹوں یا گرین بیلٹس سے محفوظ بنایا جائے گا۔
دوڑ میں حصہ لینے والے روبوٹ کا انسان نما ڈیزائن ہونا لازمی ہے جسے دو ٹانگوں پر چلنے یا بھاگنے کی صلاحیت کے قابل ہونا چاہئے،پہیوں والی ساخت شریک نہیں ہوسکے گی۔ ٹیموں کو یہ یقینی بنانا ہو گا کہ ان کے روبوٹ ٹریک، دیگر روبوٹس یا آس پاس موجود عملے کو نقصان نہ پہنچائیں اور انہیں متعین کردہ راستے اور تمام مخصوص تکنیکی قوانین پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔
انسان نما روبوٹ ہاف میراتھن مقابلے میں چیمپین،رنر اپ اور تیسری پوزیشن کے لئے بالترتیب 5 ہزار،4 ہزار اور 3 ہزار یوآن(تقریباً 697، 558 اور 418 امریکی ڈالر) کے انعامات دئیے جائیں گے۔
یہ مقابلہ عالمی روبوٹ کمپنیوں،تحقیقی اداروں،روبوٹ کلبوں اور یونیورسٹیوں کے لئے بھی کھلا ہوگا۔
