کراچی کے علاقے ڈیفنس کی مصروف شاہراہ پر لگائی گئی ایس ایم ڈی سکرینز پر نازیبا ویڈیو نشر کرنے پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ڈی ایچ اے میں واقع خیابان اتحاد روڈ پر نصب ڈیجیٹل ایڈورٹائزمنٹ سکرینز کو نامعلوم افراد نے ہیک کرکے کچھ دیر کیلئے غیر اخلاقی مواد نشر کردیا جس کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
واقعہ عبدالستار ایونیو پر پیش آیا جہاں بڑی سکرینز پر چلنے والا متنازع مواد دیکھ کر شہریوں نے ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کیں جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئیں۔
اطلاع ملتے ہی متعلقہ ادارے متحرک ہوئے اور فوری طور پر سکرینز کو بند کردیا گیا تاکہ مزید کسی قسم کا مواد نشر نہ ہوسکے۔
حکام کے مطابق احتیاطی اقدام کے طور پر ڈی ایچ اے کی دیگر اہم شاہراہوں کیساتھ ساتھ شاہراہِ فیصل اور کارساز روڈ پر نصب متعدد ڈیجیٹل سکرینز کو بھی عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے جبکہ سسٹمز کا سکیورٹی آڈٹ بھی شروع کردیا گیا ہے۔
واقعے کی تحقیقات کیلئے نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی اور سائبر کرائم یونٹ نے مشترکہ طور پر کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سکرینز کو ہیک کرنے میں ملوث افراد کی شناخت کیلئے تکنیکی شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے ڈیٹا لاگز سمیت دیگر ڈیجیٹل ریکارڈز کا جائزہ لیا جارہا ہے۔




