وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے گزشتہ سال کے مقابلے میں آلو کی پیداوار 25فیصد زائد ہونے پر وزیراعظم سے برآمدات کی اجازت طلب کرلی۔
جاری بیان میں مریم نواز نے بتایا کہ رواں سال صوبے میں آلو کی 12ملین میٹرک ٹن تاریخی پیداوار حاصل ہوئی ہے، ریکارڈ پیداوار کو کوڑیوں کے بھاؤ بکنے نہیں دیا جائے گا، کسانوں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ دلانے کیلئے پنجاب حکومت وفاق کیساتھ مل کر موثر اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں کو بہتر معاوضے کی ادائیگی کیلئے وزیراعظم سے برآمدات کی اجازت طلب کی ہے جبکہ آلو کی برآمدات کیلئے نئی عالمی منڈیوں تک رسائی بھی حاصل کی جا رہی ہے جس میں قازقستان پہلا قدم ہے ،جلد مزید بین الاقوامی زرعی منڈیوں تک رسائی بھی حاصل کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ آلو کی بمپر کراپ کسانوں کیلئے پریشانی نہیں بلکہ خوشحالی کا پیغام ثابت ہوگی، حکومت کسان دوست پالیسیوں کے ذریعے زرعی شعبے کو مزید مضبوط بنائے گی۔




