وزیراعظم شہباز شریف نے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مہاجرین کا ماہانہ وظیفہ 6ہزار روپے، مظفر آباد میں اسلام آباد طرز کا خدمت سنٹر بنانے، سکولوں کی چھتوں کی تعمیر و مرمت کیلئے ایک ارب روپے فنڈز دینے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کیساتھ ہے، بھارت جس زبان میں بات کرے گا، اسی زبان میں جواب دیں گے، افواج بھارتی کٹھ پتلیوں کا حشر بھارتی طیاروں جیسا کریں گی، قومی اتحاد و اتفاق کے ذریعے دشمن کے عزائم کو ناکام بنانا ہوگا۔
جمعرات کو مظفرآباد میں یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کشمیری عوام ے ساتھ یکجہتی کے اظہار کیلئے آزاد کشمیر آیا ہوں، قائداعظم کے فرمان کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے کے مطابق حکومت ہر سطح پر کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کسی بھی جماعت کی حکومت ہو، تعاون کرنا وفاقی حکومت کا فرض ہے ،اس سلسلے میں کسی قسم کی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام روزانہ دنیا کو اپنی جدوجہد کی سچائی دکھا رہے ہیں، ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ قوم تحریک آزادی کے شہدا کو سلام پیش کرتی ہے، ہم کشمیر کی آزادی پر کبھی سمجھوتا نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے دہشت گردی اور پراکسی سرگرمیاں مسلسل جاری ہیں، ہماری بہادر افواج بھارتی کٹھ پتلیوں کا وہی حشر کریں گے جو بھارتی طیاروں کا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں بھارت کا غرور خاک میں ملا، فیلڈ مارشل کی قیادت میں بھارت کو ایسی شکست دی گئی جسے وہ نسلوں تک یاد رکھے گا، بدترین شکست کے بعد بھارت سفارتی محاذ پر بھی ناکام ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان کی کامیابی دراصل کشمیری عوام کی بھی فتح ہے جس سے کشمیر کاز ایک بار پھر عالمی سطح پر پوری قوت کیساتھ اجاگر ہوا ہے، مسئلہ کشمیر کامیابی سے اجاگر کرنے پر نائب وزیراعظم کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ بھارت کے پاس واحد راستہ یہی ہے کہ وہ کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دے اور خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار کرے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر امن صرف برابری اور انصاف کی بنیاد ہی پر قائم ہو سکتا ہے، بھارت جس زبان میں بات کرے گا، پاکستان اسی زبان میں جواب دے گا، وزیراعظم نے کہا کہ قومی اتحاد اور اتفاق کے ذریعے دشمن کے عزائم کو ناکام بنانا ہوگا۔
اس موقع پر شہباز شریف نے مہاجرین کا وظیفہ 3500سے بڑھا کر 6ہزار روپے ماہانہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قائد نواز شریف کے وژن کے مطابق کشمیر کاز و قومی ترقی کے اہداف حاصل کریں گے، کشمیر نوجوانوں کو تکنیکی تعلیم کیلئے دانش یونیورسٹی کا سب کیمپس مظفر آباد میں قائم کیا جائے گا، مظفر آباد میں اسلام آباد کی طرز کا خدمت سنٹر بھی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال 2ہزار 96کشمیر طلبہ کو لیپ ٹاپس دیئے گئے، مزید 1700کشمیری طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کریں گے، ایجوکیشن بینوولنٹ فنڈ کے ذریعے کشمیری نوجوان دنیا کی بہترین جامعات میں تعلیم حاصل کریں گے۔
وزیراعظم نے آزاد کشمیر میں سکولوں کی چھتوں کی تعمیر ومرمت کیلئے بھی ایک ارب روپے فنڈز دینے کا بھی اعلان کیا۔




