مغربی کنارے کے شہر طولکرم میں اسرائیلی چھاپے کے دوران اسرائیلی فوجی گاڑیاں دیکھی جا سکتی ہیں۔(شِنہوا)
رم اللہ(شِنہوا) فلسطینی اتھارٹی نے ایک اجلاس کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ 2ہفتوں کے دوران کم از کم 5 ہزار فلسطینی خاندانوں کو شمالی مغربی کنارے کے جنین اور طولکرم پناہ گزین کیمپوں سے زبردستی بے گھر کر دیا گیا ہے۔
اجلاس فلسطینی وزیر اعظم محمد مصطفیٰ کی صدارت میں وسطی مغربی کنارے کے شہر رم اللہ میں منعقد ہوا اور اس میں مختلف وزارتوں اور حکومتی اداروں کے نمائندے شریک ہوئے۔
بیان کے مطابق اجلاس میں شمالی مغربی کنارے میں امدادی سر گر میوں کو بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششوں کو تیز کرنے کے طریقوں پر بات چیت کی گئی۔
اجلاس میں یہ بھی ذکر کیا گیا کہ گھروں کی مسماری اور بنیادی شہری سہولیات اور فلسطینی املاک کی وسیع پیمانے پر تباہی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
اسرائیلی فوج نے 21 جنوری کو جنین شہر اور شمالی مغربی کنارے کے دیگر علاقوں میں آئرن وال نامی ایک سکیورٹی آپریشن شروع کیا اور یہ دعویٰ کیا گیا کہ اس کا مقصد مسلح افرادکا پیچھا کرنا اور دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچےکو ختم کرنا ہے۔
