چین کے شمالی صوبہ ہیبے کے تانگ شان میں لوگ ایک خوبصورت مقام کا دورہ کر رہے ہیں۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا) چین میں سانپ کے سال کے آغاز کی خوشی منانے کے لئے 8 روزہ موسم بہار تہوار کی تعطیلات کا اختتام ہو رہاہے، اس دوران دنیا کی دوسری بڑی معیشت نے کروڑوں چینی لوگوں کے خاندانی ملاپ کی وجہ سے خریداری اور سفر کے شعبوں میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا ہے۔
28 جنوری سے 4 فروری تک ہونے والی رواں سال کی تعطیلات کے تحت چین میں مسلسل دوسرے سال لوگ طویل عوامی تعطیلات سے لطف اندوز ہوئے۔ لوگ سیاحتی مقامات پر امڈ آئے، ثقافتی تجربات سے لطف اندوز ہوئے اور تعطیلات کی خریداری میں مشغول رہے۔
تعطیلات کے دوران مقامی بلاک بسٹر فلموں کے ایک سلسلے نے چین بھر میں بڑی تعداد میں ناظرین کو سینما گھروں کی جانب راغب کیا جس سے ملک کی فلمی صنعت اس موسم بہار تہوار کی تعطیلات کی خریداری کے جنون کے دوران ایک بڑے فاتح کے طور پر ثابت ہوئی۔
29جنوری سے 3 فروری تک روزانہ باکس آفس نے مسلسل 6 دن تک 1 ارب یوآن (تقریباً 14 کروڑامریکی ڈالر) سے تجاوز کیاجس سے 2025 کی موسم بہار تہوار کی تعطیلات کے دوران چین کی باکس آفس کی آمدنی 8.02 ارب یوآن تک پہنچ گئی جو کہ ملک کی فلمی صنعت کی تاریخ میں اسی مدت کے لیے ایک نیا ریکارڈ ہے۔
چین کی فلم انتظامیہ کے اعداد و شمار کے مطابق 2025 میں چین کی کل باکس آفس حقیقی وقت کی پیشگی فروخت سمیت 10 ارب یوآن سے تجاوز کر گئی ہے جس سے یہ عالمی سطح پر پہلے نمبر پر رہی۔
