نوم پنہ (شِنہوا) کمبوڈیا کے مشہور انگ کور آثار قدیمہ پارک میں 2025 کے دوران مجموعی طور پر 80 ہزار 144 چینی سیاح آئے جو 2024 کے مقابلے میں 3 فیصد کم ہیں۔
سرکاری ملکیتی ادارے انگ کور انٹرپرائز کی رپورٹ کے مطابق امریکہ، برطانیہ اور فرانس کے بعد چین یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کے اس مقام پر آنے والے بین الاقوامی سیاحوں کا چوتھا سب سے بڑا ذریعہ رہا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2025 کے دوران قدیم پارک میں 197 ممالک اور خطوں سے مجموعی طور پر 9 لاکھ 55 ہزار 131 غیر ملکی سیاح آئے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 6.7 فیصد کمی ہے ، اس کے علاوہ پچھلے سال پارک کی مجموعی آمدنی 4 کروڑ 47 لاکھ امریکی ڈالر تھی جو 6.5 فیصد کم تھی۔
پیسیفک ایشیا ٹریول ایسوسی ایشن کمبوڈیا شاخ کے چیئرمین تھورن سینان نے کہا کہ آن لائن فراڈ اور حالیہ سرحدی تنازع تھائی لینڈ کے ساتھ کمبوڈیا کی سیاحتی صنعت پر منفی اثر ڈال رہے ہیں۔
انہوں نے شِنہوا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 2025 کمبوڈیا کے سیاحتی شعبے کے لئے ایک مشکل سال تھا۔ اگر ہم آن لائن فراڈ کو ختم نہیں کرتے تو 2026 میں بھی اس شعبے کو مسائل کا سامنا رہے گا۔
نوم پنہ میں کمبوڈیا یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ سائنس کے چین- آسیان سٹڈیز سنٹر کے ڈپٹی ڈائریکٹر تھونگ مینگ ڈیوڈ نے کہا کہ 15 جون سے 15 اکتوبر تک چینی شہریوں کے لئے کمبوڈیا کی بغیر ویزا آزمائشی پالیسی چین سے آنے والے سیاحوں کی تعداد میں ممکنہ نمایاں اضافہ کرے گی۔
انہوں نے شِنہوا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط فضائی رابطے اور موثر تشہیر کی بدولت مجھے یقین ہے کہ اس سال انگ کور پارک آنے والے چینی سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔




