چین کے مرکزی بینک پیپلز بینک آف چائنہ (پی بی او سی) کا بیرونی منظر۔(شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چین کے مرکزی بینک نے ہفتہ کے روز ختم ہونے والے 2 روزہ اجلاس کے بعد 2025 کے لئے اپنی مانیٹری اور مالیاتی ترجیحات کا ایک خاکہ پیش کردیا ہے،اس میں مقامی طلب میں اضافے ، توقعات کو مستحکم رکھنے اور چینی معیشت میں پائیدار بہتری کو یقینی بنانے کے لئے توانائی پیدا کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
پیپلز بینک آف چائنہ (پی بی او سی) نے کہا ہے کہ 2025 میں نسبتاً نرم مانیٹری پالیسی نافذ کی جائے گی۔اہم شعبوں میں مالیاتی خطرات کم کئے جائیں گے ، مالیاتی اصلاحات اور اعلیٰ معیار کے کھلے پن کو مزید گہرا کیا جائے گا۔
رواں سال کے لئے اپنی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے مرکزی بینک نے وضاحت کی کہ وہ مستحکم معاشی نمو کے لئے جامع مانیٹری اور مالیاتی ماحول پیدا کرنے کے لیے نسبتاً نرم مانیٹری پالیسی کا نفاذ کرے گا۔
بینک نے کہا ہے کہ جب بھی ملکی اور بین الاقوامی معاشی و مالیاتی حالات ، مالیاتی منڈیوں کے تحت مناسب ہوئے تو ذخائر کی ضرورت کے تناسب اور شرح سود میں کمی سے متعلق مانیٹری پالیسی اقدامات سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔
پی بی او سی کا کہنا ہے کہ وہ کافی سرمایہ کو برقراررکھے گا اور مالی رسد میں مسلسل اضافہ کرے گا تاکہ سماجی قرض اور رقم کی فراہمی میں اضافے، معاشی نمو اور مجموعی مالیت کی سطح میں مطابقت برقرار رہے۔
