بیجنگ: چین کا شین ژو ۔19 عملہ بردار خلائی جہاز اکتوبر کے اختتام پر لانچ کیا جائے گا جبکہ شین ژو -18 کے خلا بازوں کا بھی اسی ماہ زمین پر خیرمقدم کیا جائے گا۔
چینی انسان بردار خلائی ادارے کے جاری کردہ اکتوبر مشن پلان کے مطابق چین کے مدار میں زیر گردش تیان گونگ خلائی اسٹیشن پر موجود شین ژو -18 کا عملہ رواں ماہ اپنا 6 ماہ کا خلائی مشن مکمل کرکے واپسی کا سفر شروع کرے گا۔
شین ژو۔ 18 عملہ بردار مشن رواں سال 15 اپریل کو لانچ کیا گیا تھا اور اس کے ذریعے 3 خلا باز یی گوانگ فو، لی کونگ اور لی گوانگ سو خلائی اسٹیشن گئے تھے۔
شین ژو۔ 18 کا عملہ ایک ہفتہ کی قومی دن کی تعطیلات کے دوران باقاعدہ اور منظم انداز میں روزمرہ کے کام میں مصروف ہے۔ ان کا زیادہ تر وقت متعدد امور نمٹانے میں صرف ہوتا ہے جس میں سائنسی تجربات ، اعداد و شمار اکٹھا کرنا اور نئے عملے کی آمد اور کام کی حوالگی کی تیاری شامل ہے۔
چائنا میڈیا گروپ کی جاری کردہ حالیہ فوٹیج میں شین ژو۔ 18 کے تینوں خلا بازوں کو خلائی اسٹیشن میں نئے آنے والوں کے لئے اپنے جوش و خروش کا اظہار کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ ’’کمروں‘‘ کی صفائی کر تے ہوئے ’’ کھانے کی دعوت‘‘ تیار کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ نئے آنے والوں کو گھر جیسا ماحول ملے۔
