پیر, ستمبر 8, 2025
تازہ ترینڈی چوک میں پی ٹی آئی کا ممکنہ احتجاج، جڑواں شہر سیل،...

ڈی چوک میں پی ٹی آئی کا ممکنہ احتجاج، جڑواں شہر سیل، فوج طلب

اسلام آباد/راولپنڈی: پی ٹی آئی کے ڈی چوک میں ممکنہ احتجاج کے پیش نظر جڑواں شہروں میں دفعہ 144 کا نفاذ کرتے ہوئے فوج طلب کرلی گئی، شہر کے تمام اہم مقامات، داخلی و خارجی راستے، موٹروے، جی ٹی روڈکنٹینرز و خاردار تاروں سے سیل کر کے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی، موبائل سروس بھی معطل،میٹرو بس سروس،راستوں کی بندش سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے ڈی چوک میں ممکنہ احتجاج کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی کی انتظامیہ نے شہروں میں دفعہ 144 کا نفاذ کرتے ہوئے ڈبل سواری،ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس اور مظاہرے پر پابندی عائد کردی۔

دونوں شہروں کے تمام اہم مقامات، داخلی و خارجی راستے کنٹینرز و خار دار تاریں لگا کر سیل کر کے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے جبکہ کابینہ کی منظوری کے بعد فوج بھی طلب کرلی گئی ہے۔وزارت داخلہ کے احکامات پر جڑواں شہروں میں موبائل اور موبائل انٹرنیٹ بھی سروس بند کردی گئی ہے،راستوں کے ساتھ ساتھ میٹرو سروس بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

فیض آباد کے مقام پر کنٹینرز کی ڈبل لیئر جبکہ زیرو پوائنٹ پر 20 فٹ تک اونچی کنٹینرز کی دیوار کھڑی کر دی گئی ہے،سرینگر ہائی وے پر زیرو پوائنٹ سے ریڈ زون میں داخلہ ناممکن بنا دیا گیا، اسلام آباد ایکسپریس وے کھنہ پل سے فیصل مسجد تک مختلف مقامات پر سیل کر دی گئی، ڈی چوک،سرینا چوک، نادرا چوک،سیکٹر آئی ایٹ، آئی جے پی ڈبل روڈ، مارگلہ روڈ پر بھی کنٹینرز کھڑے کر دیئے گئے ہیں۔

راولپنڈی پشاورروڈ چیئرنگ کراس کو بھی دونوں اطراف سے بند کردیا گیا،پشاور روڈ،ایم ایچ چوک،حیدر روڈ،فلیش مین چوک بھی دونوں طرف سے بند ہیں،مریڑچوک، ڈبل روڈ، مختلف مقامات پر مری روڈ، ترنول جی ٹی روڈ، موٹر وے،روات جی ٹی روڈ سے شہر میں داخلہ بند ہے، اسی طرح مری،کوٹلی ستیاں، کہوٹہ، ٹیکسلا،کلر سیداں سے راولپنڈی شہر کے راستے بھی مکمل سیل کردیئے گئے ہیں، شہر سے اڈیالہ جیل جانیوالے تمام راستے بھی مکمل طورپر بند ہیں،سنگجانی، سیکٹر جی الیون چوک، گولڑہ موڑ فلائی اوور اور انڈر پاس بھی کنٹینرز رکھ کر بند کردیئے گئے ہیں۔

لاہور سے اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستے بند کر کے پولیس کی نفری ٹھوکر نیاز بیگ اور بابو صابو انٹرچینج پر تعینات کردی گئی ہے۔سرائے عالمگیر سے جہلم، گجرات سے وزیرآباد کو ملانے والے 4 پل بھی ٹریفک کیلئے بند کردیئے گئے ہیں، لاہور،منڈی بہاؤالدین،کھاریاں،گوجرنوالہ سے اسلام آباد اورراولپنڈی کو جانیوالے چھوٹے بڑے راستے بھی بند ہیں۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق راولپنڈی، لاہور، اٹک،سرگودھا، میانوالی سمیت مختلف شہروں میں دفعہ 144 کا نفاذکرتے ہوئے ڈبل سواری، احتجاج، جلسے، جلوسوں پر پابندی عائد کردی ہے جبکہ لاہور، راولپنڈی اور اٹک میں رینجرز طلب کرلی گئی ہے،دو رو ز سے جاری کریک ڈاؤن کے دوران مختلف شہروں میں کئی شہریوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر کوئی بھی عوامی اجتماع دہشت گردوں کیلئے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے، امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ادھر خیبرپختونخوا سے بھی قافلے ڈی چوک اسلام آباد جانے کیلئے تیار ہیں، خیبرپختونخوا کے قافلے ایم ون موٹروے پر جمع ہو کر صوابی جائیں گے جہاں سے قافلوں کی قیادت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کرینگے، ورکرز کو بھرپور تیاری کیساتھ ڈی چوک جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔پارٹی حکام کے مطابق آنس گیس سے بچنے کیلئے ماسک ودیگر انتظامات مکمل ہے،جتنے دن لگیں ڈی چوک پہنچیں گے، نوجوانوں کا تربیت یافتہ دستہ قافلوں سے پہلے جائے گا اورتمام رکاوٹوں کو بھاری مشینری سے کلیئر کرے گا۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!