بیجنگ(شِنہوا)کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور چینی صدر شی جن پھنگ نے بیجنگ میں لاؤ عوامی انقلابی پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور لاؤس کے صدر تھونگلون سیسولتھ سے ملاقات کی۔
تھونگلون شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس 2025، جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوام کی مزاحمت اور فسطائیت مخالف عالمی جنگ میں فتح کی 80 ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت اور ایک دورے کے سلسلے میں چین میں موجود ہیں۔
چینی صدرشی جن پھنگ نے کہا کہ بین الاقوامی اور علاقائی منظرنامے میں پیچیدہ اور گہری تبدیلیوں کے پیش نظر دونوں ممالک کو چین-لاؤس تعلقات کو ایک طویل مدتی اور تزویراتی نکتہ نظر سے دیکھنا اور اپنانا چاہیے اور ایک دوسرے کے بنیادی مفادات اور اہم خدشات پر بھرپور حمایت جاری رکھنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ چین لاؤس کے ساتھ پارٹی اور ریاستی نظم و نسق کے تجربات کے تبادلے کو مزید گہرا کرنے کے لئے تیار ہے۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ دونوں ممالک کو چین-لاؤس ریلوے کی کارکردگی اور اس کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے تاکہ اہم منصوبوں کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ ساتھ ہی دفاع، قانون نافذ کرنے والے اداروں، سکیورٹی اور دیگر شعبوں میں بھی تعاون کو مزید فروغ دینا چاہیے۔
اس موقع پر لاؤس کے صدر تھونگلون سیسولتھ نے کہا کہ اس وقت لاؤس اور چین کے تعلقات تاریخ کے بہترین دور میں ہیں اور لاؤس چین کے ساتھ مل کر مشترکہ مستقبل کی حامل لاؤس-چین برادری کی تعمیر کے لئے نئے پانچ سالہ لائحہ عمل پر عملدرآمد جاری رکھنے کو تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاؤس صدر شی جن پھنگ کی طرف سے پیش کردہ گلوبل گورننس انیشی ایٹو کی مکمل حمایت کرتا ہے اور بین الاقوامی سطح پر چین کے ساتھ ہم آہنگی اور تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے تیار ہے۔
