بیجنگ: چین کے وزیر اعظم لی چھیانگ نے نائیجیریا کے صدر بولا تنوبو سے ملاقات کی، جو چین-افریقہ تعاون (ایف او سی اے سی) فورم کے سربراہی اجلاس2024 میں شرکت اور سرکاری دورے پر بیجنگ میں ہیں۔
بدھ کو ہونے والی ملاقات کے دوران وزیراعظم لی نے کہا کہ ان کا ملک نائیجیریا کے ساتھ ترقیاتی حکمت عملی کو مضبوط بنانے اور چین-نائیجیریا بین الحکومتی کمیٹی کے مجموعی منصوبہ بندی اور ہم آہنگی کے کردار کو مکمل بروئے کار لانے کے لیے تیار ہے۔
چینی وزیر اعظم نے کہا کہ اعلیٰ معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کے فریم ورک کے تحت چین نائیجیریا کے ساتھ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، مالیات، زراعت اور ماہی گیری کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیتے ہوئے سمندری معیشت، صاف توانائی اور ڈیجیٹل معیشت میں تعاون کو مزیدمضبوط بنائے گا۔
وزیر اعظم لی نے نائیجیریا سے مزید معیاری مصنوعات درآمد کرنے، دوطرفہ عوامی وثقافتی تبادلوں ،تعاون اور کثیرالجہتی شعبوں میں ہم آہنگی کو فروغ دینے، ترقی پذیر ممالک کے مشترکہ مفادات کے تحفظ اور بین الاقوامی انصاف اور عدل کو برقرار رکھنے پر چین کی آمادگی کا اظہار کیا۔
چین اور نائیجیریا نے گزشتہ روز دوطرفہ تعلقات کو جامع اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
