اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے جبری گمشدگیوں کے معاملے پر کمیٹی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سردار اختر مینگل کے استعفے کو ہلکا نہ لیا جائے، کسی کو محب وطن کا سرٹیفکیٹ بانٹنے کا اختیار نہیں، 9 مئی کی ویڈیو سامنے لائی جائے، ہم گردشی قرضے کا بہاؤ زیرو کے قریب لے آئے تھے، مگریہ پھر بڑھ گیا ہے، کینسر کا علاج ڈسپرین گولی سے کیا جارہاہے۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کو قوم یاسمبلی کا اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ چیزوں کو ذرا سنجیدگی سے دیکھا جائے وزرات دفاع کے اخراجات کا پوچھتے ہیں تو اس پر کہیں پر کوئی خبر نہیں آتی،آڈٹ رپورٹ اس ہاؤس کی ملکیت ہے پوچھنے پر بلیک آؤٹ کردیا جاتا ہے کیونکہ اس پر وزارت دفاع لکھا ہوا، یہاں پر حالات یہ ہیں کہ لوگ بات کرتے ہیں تو انہیں دھمکیاں دی جاتی۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کے وزراء ریڈ زون سے آگے جا کر اپنے حلقوں میں بات نہیں کر سکتے ہیں، ان لوگوں کی رنجشیں درست ہیں، ان کے وسائل پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے، بلوچستان کے نوجوان پروفیشنل ہیں، آپ نے انہیں دیوار کے ساتھ لگا دیا ہے،ماہ رنگ بلوچ بلوچستان میں اٹھتی ہیں اور مسائل پر بات کرتی ہیں، انہیں کسی بھی جگہ نہیں دکھایا جاتا، سوشل میڈیا پر قدغن لگائی جارہی ہے، سردار اختر مینگل کو کس چیز نے مجبور کیا کہ انہوں نے استعفیٰ جمع کرایا؟۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ جبری گمشدگیوں کے معاملے پر کمیٹی بنائی جائے، معیشت کا بیڑا غرق کردیاگیا ہے، ان کے ہاتھ میں کچھ بھی نہیں ہے، ہوش کے ناخن لیں جس وجہ سے سردار اختر مینگل نے استعفیٰ دیا اسے ہلکا نہ لیں، کسی کو اختیار نہیں کہ آپ محب وطن کا سرٹیفکیٹ دیں، ہمارے ساتھیوں کو اٹھایا جارہا ہے، 9 مئی کی بات ہوتی ہے اس کی ویڈیو تو لائیں۔
انہوں نے کہاکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمیٹی میں بتایا گیا ہے کہ سب میرین کیبل خراب ہے، میڈیا کے لوگ اگر خبر فائل کریں تو میڈیا چینلز مالکان کو کال آجاتی ہے۔بجلی لوڈشیڈنگ معاملے پر انہوں نے کہاکہ آپ ٹرانسفارمر زیادہ کریں جس سے آپ کے لاسز کم ہوں گے، سرکلر قرض بڑھ رہا ہے، یہ پیمنٹ نہ آنے سے لوڈ شیڈنگ کررہے ہیں، انہیں معلوم ہی نہیں کہ چیزوں کے ساتھ نمٹا کیسے جاتا ہے؟، ان گرمیوں بجلی کی 26500 میگا واٹ ڈیمانڈ تھی، ہم گردشی قرضے کا بہاؤ زیرو کے قریب لے آئے تھے، لیکن اس وقت یہ پھر بڑھ گیا ہے، کینسر کا علاج یہ ڈسپرین گولی سے کر رہے ہیں۔
