اٹلی کے شہر فلورنس میں واقع بازلیکا ڈی سانتا کروچے کے باہر دانتے الیگیری کا مجسمہ دیکھا جاسکتا-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)اطالوی میوزیکل شو "دی ڈیوائن کامیڈی” کو بیجنگ سینچری تھیٹر میں پیش کیا گیا جو چین-اٹلی سفارتی تعلقات کی 55ویں سالگرہ کے موقع پر چین میں اپنی پہلی قومی مہم کا حصہ ہے۔
یہ مشہور میوزیکل شو اطالوی شاعر دانتے الیگیری کے 14 ویں صدی میں لکھے گئے ایک طویل نظم پر مبنی ہے، جو دوزخ، برزخ اور جنت کے ایک تخیلی سفر کی تصویر کشی کرتا ہے۔
اس میوزیکل شو کی چین میں پیش کش نہ صرف ایک ادبی کلاسک کے احیا کی علامت ہے بلکہ چین اور اٹلی کے درمیان گہرے ثقافتی تبادلے کی ایک اہم عکاسی بھی ہے۔
راک، پاپ اور اوپرا جیسے موسیقی کے مختلف انداز کو یکجا کرتے ہوئے اس پرفارمنس نے بیجنگ کے ناظرین کو اطالوی کلاسیکی ادب کی ایک جدید اور دلکش تشریح سے محظوظ کیا۔
یہ میوزیکل شو سٹیج کے پیچیدہ مشینی تنصیبات کو 70 متحرک تھری ڈی پروجیکشنز کے ساتھ ملا کر پیش کیا جاتا ہے اور اس میں 200 سے زائد نفاست سے تیار کئے گئے لباس شامل ہیں جن پر کشیدہ کاری، ہاتھ سے موتیوں کا کام اور خاص کپڑے استعمال کئے گئے ہیں، جو قرون وسطیٰ کی شان و شوکت اور اساطیری خیالی دنیا دونوں کو اجاگر کرتے ہیں۔
یہ میوزیکل شو 31 جولائی سے 3 اگست تک بیجنگ میں پیش کیا گیا۔ یہ 2025 کے دوران چین کے دیگر شہروں گوانگ ژو، شیامن، شین زین، سوژو، شنگھائی اور ہانگ ژو کے علاوہ ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے میں بھی پیش کیاجائے گا تاکہ اطالوی ثقافت کے حسن کو مزید چینی عوام تک پہنچایا جا سکے۔
