پشاور: وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ خراب گورننس کے باعث کوئی بھی منصوبہ مکمل نہیں ہوگا، تمام محکمے روڈ میپ پر عملدرآمد کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں، عوامی منصوبوں کی تکمیل میں کوئی تاخیر نہ کی جائے، روڈ میپ پر عملدرآمد کرنے میں کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے، پراونشل ایکشن پلان پر عملدرآمد ہوگا،منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر فنڈز جاری ہوں گے، روڈ میپ میں بروقت ٹاسک پورا کرنے والے اہلکار و محکمے کو انعام دیا جائے گا۔
وزیر اعلی علی امین گنڈاپور نے روڈ میپ تقریب سے خطاب میں کہاکہ میں نے وزیر اعلی بنتے ہی اسکولوں میں فرنیچر پورا کرنے کا اعلان کیا تھا، اسکولوں میں فرنیچر پورا نہ ہونے کی بڑی وجہ خراب گورننس ہے، سرکاری ملازمین کے گھروں میں سرکاری فرنیچر پڑا ہے، اسکولوں کی کرسیاں سیاسی جلسوں میں استعمال ہوتی ہے، اب ذمہ داروں پر ذمہ داری عائد کی جائے گی۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا نے کہا کہ روڈ میپ منصوبے میں سزا اور جزا کا عمل ہوگا، روڈ میپ کی ہر مہینے نگرانی کروں گا،خراب کارکردگی پر کسی کو ہٹانے میں پھر صفائیاں نہیں دوں گا۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ کسی کو ہٹاں تو صفائیاں دینی پڑتی ہے، اب روڈ میپ میں ہر کسی کی کارکردگی نمایاں ہوگی،کسی کی سفارش نہیں مانوں گا، خراب کارکردگی والوں کے خلاف کاروائی ہوگی۔
