ایران کے دارالحکومت تہران کے مہرآباد ہوائی اڈے پر مسافر طیارے کے عملے کا رکن باہر آرہاہے-(شِنہوا)
تہران(شِنہوا)ایران کی شاہراہوں اور شہری ترقی کی وزارت نے بتایا ہے کہ ایران نے ملکی، غیر ملکی اور مختصر قیام کی بین الاقوامی پروازوں کے لئے اپنی فضائی حدود دوبارہ کھول دی ہیں۔
وزارت نے اپنی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ فیصلہ ایران کی شہری ہوابازی کے ادارے کی منظوری اور ملک کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر سلامتی اور تحفظ کی جامع جانچ پڑتال کے بعد کیا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دارالحکومت تہران کے مہرآباد بین الاقوامی ہوائی اڈے اور امام خمینی بین الاقوامی ہوائی اڈے سمیت ملک کے شمالی، مشرقی، مغربی اور جنوبی علاقوں میں پروازیں دوبارہ شروع کر دی گئی ہیں، البتہ اصفہان اور تبریز میں ہوائی اڈے تاحال بند ہیں۔
بیان کے مطابق تہران سمیت شمال، مغرب اور جنوب کے ہوائی اڈے سے اب مقامی وقت کے مطابق صبح 5 بجے سے شام 6 بجے تک ملکی اور غیر ملکی پروازیں چل رہی ہیں۔
مشرقی فضائی حدود ملکی و غیرملکی اور مختصر قیام کی پروازوں کے لئے دن رات کھلی رہیں گی جبکہ مرکزی اور مغربی حصوں کی فضائی حدود بین الاقوامی مختصر قیام کی پروازوں کے لئے دستیاب ہوں گی۔
وزارت نے یقین دہانی کرائی کہ اصفہان اور تبریز کے ہوائی اڈے ضروری بنیادی سہولتوں کی تکمیل کے بعد جلد اپنی سرگرمیاں دوبارہ شروع کردیں گے۔
ایران نے 13 جون کو اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد تہران اور دیگر علاقوں میں اپنی فضائی حدود کو بند کر دیا تھا۔ 12 دن کی فضائی جھڑپوں کے بعد دونوں ممالک نے 24 جون کو جنگ بندی پر اتفاق کیا۔
