چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ریاستی کونسل انفارمیشن آفس کے زیراہتمام منعقدہ دوسری بیلٹ اینڈ روڈ کانفرنس برائے سائنس وٹیکنالوجی تبادلہ کے بارے میں پریس کانفرنس کی جارہی ہے-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)دوسری بیلٹ اینڈ روڈ کانفرنس برائے سائنس و ٹیکنالوجی تبادلہ 10 سے 12 جون تک چین کے جنوب مغربی صوبہ سیچھوان کے دارالحکومت چھنگ دو میں منعقد ہوگی، یہ بات ریاستی کونسل انفارمیشن آفس نے ایک پریس کانفرنس میں بتائی۔
نائب وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چھن جیاچھانگ نے کہا کہ اس کانفرنس کا موضوع "مشترکہ ترقی کے لئے جدت کا ریشمی راستہ تعمیر کرنا: بیلٹ اینڈ روڈ سائنس و ٹیکنالوجی برادری کے لئے مل کر کام کرنا” ہوگا، جو ایک مشترکہ مستقبل کے تصور کو فروغ دے گا۔
یہ کانفرنس وسیع مشاورت، مشترکہ تعاون اور باہمی فائدے کے اصولوں پر قائم رہے گی، جس کا مقصد تبادلہ کو مستحکم کرنا، اتفاق رائے پیدا کرنا، تعاون کو مزید مضبوط بنانا اور اعلیٰ معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کے لئے مضبوط سائنسی و تکنیکی مدد فراہم کرنا ہے۔
کانفرنس میں 38 تقریبات 5 اشکال میں منعقد ہوں گی جن میں اہم تقریبات، موضوعاتی سرگرمیاں، خصوصی پروگرام، گول میز اجلاس اور ٹیکنالوجی کے میل جول کے سیشن شامل ہیں جبکہ بحث کے موضوعات میں علمی تبادلہ، صنعتی جدت،بڑے عالمی سائنسی منصوبے، مصنوعی ذہانت اور بیلٹ اینڈ روڈ سائنسی و تکنیکی منصوبہ بندی و پالیسی ہم آہنگی شامل ہوں گے۔ اس تقریب میں 100 سے زائد ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے شرکت کریں گے۔
یہ کانفرنس وزارت سائنس و ٹیکنالوجی، چینی اکادمی برائے سائنس، چینی اکادمی برائے انجینئرنگ، نیشنل نیچرل سائنس فاؤنڈیشن آف چائنہ، چائنہ ایسوسی ایشن فار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، صوبہ سیچھوان کی عوامی حکومت اور چھونگ چھنگ بلدیہ عوامی حکومت کے اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے۔
