افغانی شہری پاکستان اور افغانستان کے درمیان واقع سرحدی گزرگاہ طورخم پر پاکستان میں داخل ہونے کے لیے انتظار کر رہے ہیں۔(شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چین نے حال ہی میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان سفارتی تعلقات کی سطح چارج ڈی افئیرز سے بڑھا کر سفیر کی سطح پر لانے کا خیرمقدم کیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے بدھ کے روز یومیہ پریس بریفنگ کے دوران اس حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ چین ان دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری اور ترقی کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کے حوالے سے تیار ہے۔
لین جیان نے کہا کہ اس اقدام سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان باہمی اعتماد میں اضافہ، تعاون میں مضبوطی اور خطے میں مشترکہ طور پر امن و استحکام کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔
لین نے کہا کہ یہ پاکستان اور افغانستان کے لئے چین، پاکستان اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کی رواں سال مئی میں ہونے والی غیر رسمی ملاقات کے نتائج پر عمل درآمد کےلئے ایک اہم اور مثبت اقدام بھی ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ چین پاکستان، افغانستان سمیت خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر امن، استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کی خاطر کام کرنے کا خواہشمند ہے اور اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ مشترکہ مستقبل کی حامل کمیونٹی کی تعمیر کا عزم کر تا ہے۔
