چینی وزیر خارجہ وانگ یی چین میں نئے امریکی سفیر ڈیوڈ پرڈیو سے بیجنگ میں ملاقات کررہے ہیں- (شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے ڈیوڈ پرڈیو کو چین میں امریکہ کے نئے سفیر کے طور پر خوش آمدید کہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ دوطرفہ تعلقات کی صحت مند، مستحکم اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے میں فعال کردار ادا کریں گے۔
چینی وزیرخارجہ اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ یی نے یہ بات بیجنگ میں ڈیوڈ پرڈیو سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ نئے امریکی سفیر کے طور پر ایک قابل اعتماد رابطہ کار، اختلافات کے ثالث اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے والے کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔
چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ چین-امریکہ تعلقات اس وقت ایک اہم اور نازک موڑ پر ہیں۔
وانگ یی نے زور دیا کہ جنیوا میں دوطرفہ اقتصادی و تجارتی مذاکرات کے بعد چین نے دونوں فریقوں کے درمیان طے شدہ اتفاق رائے کو ایمانداری اور سختی سے نافذ کیا ہے تاہم یہ افسوسناک ہے کہ امریکہ نے بلاوجہ منفی اقدامات متعارف کرائے ہیں جو چین کے قانونی حقوق و مفادات کے منافی ہیں۔ چین ان اقدامات کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔
اس موقع پر نئے امریکی سفیر ڈیوڈ پرڈیو نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو صدر شی جن پھنگ کا بہت احترام ہے اور یہ بہت ضروری ہے کہ دونوں سربراہان مملکت مثبت اور تعمیری تبادلے کو برقرار رکھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین میں امریکی سفیر کے طور پر وہ باہمی احترام اور غور و فکر پر مبنی مکالمے کے جذبے کے ساتھ چینی فریق سے قریبی رابطہ قائم رکھنے کے لئے تیار ہیں۔
