بالی ووڈ کی معروف اداکارہ و رقاصہ نورا فتحی نے امن کے پیغام پر تنقید کرنیوالوں کو کرارا جواب دیدیا ہے۔
34 سالہ کینیڈین نژاد اداکارہ نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایران پر امریکی و اسرائیلی مشترکہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے دنیا بھر میں امن اور اتحاد کا پیغام دیا تھا تاہم بعض سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مسلمانوں کی حمایت پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
اب حال ہی میں نورا فتحی نے انسٹاگرام پر ایک نئی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے اپنے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے ناقدین کو مخاطب کیا ہے۔
ویڈیو میں انکا کہنا تھا کہ لوگوں نے سننے اور سمجھنے کی صلاحیت کھو دی ہے جبکہ تنقیدی سوچ وہ چیز ہے جو ہم سب نے سکول میں سیکھی ہوتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان کا امن اور اتحاد کا پیغام دنیا کے ہر فرد کیلئے ہے، چاہے وہ کسی بھی ملک یا مذہب سے تعلق رکھتا ہو، اگر امن کی اپیل آپکو مشتعل کرتی ہے تو آپکو اپنے احتساب کی ضرورت ہے، ہر ملک اور ہر انسان اس دنیا کا حصہ ہے، افراتفری کیخلاف بات کرنا آپکو دشمن نہیں بناتا۔
روزے کے دوران اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ ہم ایک ایسی دنیا میں رہ رہے ہیں جہاں امن کی بات کرنے پر لوگ ناراض ہو جاتے ہیں جو ایک خوفناک رجحان ہے۔
ویڈیو کے کیپشن میں نورا نے لکھا کہ وہ اپنے موقف پر قائم ہیں اور اگر عالمی امن اور اتحاد کسی کو اشتعال دلاتا ہے تو اسے مدد حاصل کرنی چاہئے۔




