ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی ممکنہ قلت کے خدشے کے پیش نظر آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم کو خط لکھ دیا۔
خط میں موقف اپنایا گیا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے کوٹہ سسٹم کے نفاذ کے باعث پیٹرول پمپس کو مطلوبہ مقدار میں تیل فراہم نہیں کیا جا رہا، آرڈرز دینے کے باوجود آئل سپلائی تاخیر کا شکار ہے، ٹینکرز گھنٹوں انتظار پر مجبور ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ صورتحال کے باعث مصنوعی قلت پیدا ہونے سے عوام میں خوف و ہراس پھیلنے کا خدشہ ہے۔
ایسوسی ایشن نے حکومت سے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئل کمپنیوں کو کسی بھی قسم کی پابندیاں عائد کرنے سے قبل مشاورت کا پابند بنایا جائے۔
خط میں پیٹرول پمپ مالکان نے پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی فوری بہتر بنانے کی اپیل کی ہے۔




