واشنگٹن (شِنہوا) امریکی سنٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے کہا ہے کہ امریکی افواج اب تک ایران کے 17 بحری جہاز تباہ کر چکی ہیں اور ایرانی بحریہ کو مکمل طور پر ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔
سینٹ کام کے کمانڈر بریڈ کوپر نے سوشل پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ آپ میں سے بہت سے لوگوں کو 2003 کے ہیبت ناک اور بھرپور حملے یاد ہوں گے۔ اس کارروائی کے پہلے 24 گھنٹے اس سے تقریباً دو گنا بڑے پیمانے کے تھے اور ہم ایران کے خلاف سمندر کی تہہ سے لے کر خلا اور سائبر سپیس تک دن رات حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
کوپر نے کہا کہ اس آپریشن کو 100 گھنٹے سے بھی کم وقت گزرا ہے اور ہم اب تک تقریباً 2 ہزار اہداف کو نشانہ بنا چکے ہیں جن پر 2 ہزار سے زائد ہتھیار استعمال کئے گئے۔ ہم نے ایران کے فضائی دفاعی نظام کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور ایران کے سینکڑوں بیلسٹک میزائلوں، لانچرز اور ڈرونز کو تباہ کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایران کی پوری بحریہ کو غرق کر رہے ہیں۔ اب تک ہم 17 ایرانی بحری جہاز تباہ کر چکے ہیں، جن میں ایران کی سب سے زیادہ فعال آبدوز بھی شامل ہے جس میں اب ایک بڑا شگاف پڑ چکا ہے۔
سینٹ کام نے یہ بھی بتایا کہ امریکی اور اسرائیلی حملوں کے آغاز کے بعد سے ایران کی جانب سے 500 سے زائد بیلسٹک میزائل اور 2 ہزار سے زیادہ ڈرونز داغے جا چکے ہیں۔




